مالیگاؤں: وارڈ نمبر 3 سمیت مالیگاؤں کے آؤٹر علاقوں دیانہ، رمضان پورہ، دریگاؤں، مالدہ اور دیگر مقامات پر ووٹ میپنگ کا کام انتہائی سست رفتاری سے جاری ہونے پر عوام میں شدید بے چینی پائی جا رہی تھی۔ اس صورتحال کے باعث شہریوں کو سخت پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔
عوامی مسائل کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے سماجوادی پارٹی کی صدر و ڈپٹی میئر شان ہند نہال احمد نے بروز پیر دوپہر ایک بجے پارٹی ذمہ داران کے ہمراہ تحصیلدار وشال سونونے سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ جب تک وارڈ نمبر 3، رمضان پورہ اور آؤٹر علاقوں میں بی ایل اوز کی تقرری نہیں کی جاتی، وہ تحصیلدار آفس سے نہیں جائیں گی۔
ڈپٹی میئر کے اس سخت اور سنجیدہ موقف کے بعد انتظامیہ حرکت میں آئی اور فوری طور پر اسکول بورڈ کے اے او کو تحصیلدار آفس طلب کیا گیا۔ بعد ازاں مختلف اسکولوں کے ہیڈ ماسٹروں کو بلا کر تحصیلدار وشال سونونے اور اسکول بورڈ اے او کی نگرانی میں بی ایل اوز کی تقرری کا عمل انجام دیا گیا۔
ڈپٹی میئر شان ہند نہال احمد نے دوپہر ایک بجے سے شام پانچ بجے تک تحصیلدار آفس میں موجود رہ کر خود نگرانی کی اور وارڈ نمبر 2، 3 اور 5 کے لیے 25 نئے بی ایل اوز کی تقرری یقینی بنائی۔ اس اقدام سے ووٹ میپنگ کے عمل میں تیزی آنے کی امید ظاہر کی جا رہی ہے۔
اس موقع پر یحییٰ عبدالجبار، عبدالماجد منصور احمد، منا ممبر، الطاف ماما، فیضان رجو، مزمل ڈگنیٹی، آمین فارمیسی، جاوید گلنار، شہزاد ماسٹر سمیت وارڈ نمبر 3 کے دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔
