مالیگاؤں : سماجوادی پارٹی کی جانب سے شہر کے مختلف وارڈز میں عوام کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے “سماجوادی SIR ہیلپ پوائنٹ” کا آغاز کئی جگہوں پر کیا گیا ہے اور یہ سلسلہ مزید جاری ہے، جس کا بنیادی مقصد 2002 کی پرانی ووٹر لسٹ (یادی) سے نام تلاش کرکے نئی SIR میپنگ کے عمل کو آسان بنانا ہے۔ اس اقدام کو عوام کی جانب سے مثبت ردعمل مل رہا ہے اور بڑی تعداد میں لوگ اس سہولت سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔
اسی سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے سماجوادی پارٹی کے یوا نیتا اور کارپوریٹر مستقیم ڈگنیٹی نے اپنے وارڈ نمبر 7 میں خصوصی انتظامات کیے ہیں۔ یہاں 2024 کی ووٹر لسٹ کے نمبر 47، 48، 49 اور 50 کے BLO (بوتھ لیول آفیسر) کو ٹی ایم ہائی اسکول میں روزانہ شام 4 بجے سے رات 10 بجے تک موجود رہنے کا اہتمام کیا گیا ہے، تاکہ شہریوں کو بغیر کسی پریشانی کے اپنی SIR میپنگ مکمل کرنے میں آسانی ہو۔
خاص بات یہ ہے کہ ٹی ایم ہائی اسکول میں BLO کی موجودگی کے ساتھ ایک الگ ڈیجیٹل کاؤنٹر بھی قائم کیا گیا ہے، جہاں 2002 کی پرانی یادی کو جدید طریقے سے نکال کر وہیں موجود BLO کے ذریعے فوری طور پر میپنگ کا عمل مکمل کیا جا رہا ہے۔ اس جدید اور منظم نظام کے ذریعے شہریوں کا وقت بچ رہا ہے اور عمل بھی تیز رفتاری سے انجام دیا جا رہا ہے۔
اس عوامی خدمت کے کام میں سماجوادی پارٹی کے ذمہ داران سہیل عبدالکریم، ڈاکٹر ریحان رحیمی، عالم سیٹھ اور منتظم ڈگنیٹی بھرپور معاونت کیلئے موجود رہیں گے، جو شہریوں کی رہنمائی اور مدد کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے ۔
