مشہور خبریں

انسانی حقوق کی کارکن سونالی پوار اور مالیگاؤں پولیس انتظامیہ کے اشتراک سے ’’نشہ مُکت مالیگاؤں ابھیان‘‘ ،نشے کا شکار نوجوان کوئی مجرم نہیں علاج کا مستحق مریض ، کارروائی سے مسئلہ حل نہیں ہو گا ، بلکہ علاج، کونسلنگ اور بازآبادکاری کے لیے مضبوط نظام قائم کرنا بے حد ضروری : سونالی پوار ،والدین، نوجوانوں، سماجی تنظیموں، تاجروں، اساتذہ ، صحافیوں اور عوام سے شرکت کی اپیل

مالیگاؤں / مالیگاؤں اس وقت ایک نہایت سنگین سماجی بحران سے گزر رہا ہے۔ منشیات کا بڑھتا ہوا جال، کروڑوں روپے کی ایم ڈی ڈرگز، کف سیرپ کا غیر قانونی استعمال، نشے کے لیے ہونے والی چوریاں، تشدد اور اوور ڈوز کے باعث تباہ ہوتی ہوئی نوجوان نسل اب صرف اخباری خبروں تک محدود نہیں رہی، بلکہ یہ حقیقت ہر گھر کے دروازے تک پہنچ چکی ہے۔ آج جو سانحہ کسی اور کے گھر میں ہو رہا ہے، وہ کل ہمارے اپنے گھر میں بھی ہو سکتا ہے۔ اس تلخ حقیقت کو سنجیدگی سے سمجھنے کا وقت اب آ چکا ہے ۔

اسی پس منظر میں مالیگاؤں کو نشے کے اندھیرے سے باہر نکالنے کے مقصد سے انسانی حقوق کی کارکن سونالی پوار اور مالیگاؤں پولیس انتظامیہ کے اشتراک سے 14 فروری 2026 کو ’’نشہ مُکت مالیگاؤں ابھیان‘‘ کے تحت ایک عظیم عوامی بیداری اور عملی اقدام پر مبنی پروگرام منعقد کیا جا رہا ہے۔ یہ پروگرام محض تقاریر یا رسمی کارروائی نہیں، بلکہ مالیگاؤں کی آنے والی نسل کو بچانے کے لیے شروع کی گئی ایک مضبوط عوامی تحریک ہے۔

اس پروگرام میں مالیگاؤں میں نشے کی موجودہ صورتحال، اس کے سماجی اور صحت سے متعلق نقصانات اور اس مسئلے میں انتظامیہ اور معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری پر گہرائی سے اور حقائق کی بنیاد پر روشنی ڈالی جائے گی۔ مالیگاؤں پولیس کے افسران منشیات مخالف قوانین ، جاری کارروائیوں اور شہریوں کے کردار کے بارے میں براہ راست رہنمائی کریں گے۔ پولیس کی موجودگی اور فعال شرکت سے منشیات کے کاروبار میں ملوث عناصر کو سخت پیغام ملے گا اور عام شہریوں کے دلوں میں اعتماد پیدا ہوگا۔

اس پروگرام کی مرکزی مقررہ سونالی پوار اپنے مدلل اور تحقیق پر مبنی خطاب میں واضح طور پر یہ بات رکھیں گی کہ نشے کا شکار نوجوان کوئی مجرم نہیں بلکہ علاج کا مستحق ایک مریض ہے۔ صرف کارروائی سے مسئلہ حل نہیں ہو سکتا، بلکہ علاج، کونسلنگ اور بازآبادکاری کے لیے مضبوط نظام قائم کرنا بے حد ضروری ہے۔ دس لاکھ سے زائد آبادی والے مالیگاؤں شہر میں آج تک ایک بھی سرکاری نشہ مُکتی مرکز نہ ہونا ایک سنگین اور افسوسناک حقیقت ہے، جسے فوری طور پر دور کیا جانا چاہیے۔ اسی مطالبے کو اس پروگرام کے ذریعے مضبوط انداز میں پیش کیا جائے گا۔
اس پروگرام کے ذریعے سرکاری نشہ مُکتی مرکز کے قیام کے لیے انتظامیہ سے ٹھوس مطالبہ کیا جائے گا اور شہریوں کے دستخطوں کے ساتھ مشترکہ قرارداد پیش کی جائے گی۔ یہ آواز چند افراد یا تنظیموں کی نہیں، بلکہ پورے مالیگاؤں کی اجتماعی آواز ہوگی، جو انتظامیہ تک واضح طور پر پہنچائی جائے گی۔
مالیگاؤں کے والدین، نوجوانوں، سماجی تنظیموں، تاجروں، اساتذہ، صحافیوں اور ہر بیدار شہری کی اس پروگرام میں شرکت نہایت اہم ہے۔ یہ جدوجہد کسی سیاسی مفاد کے لیے نہیں، بلکہ ہمارے بچوں کی زندگیوں، ہمارے خاندانوں اور مالیگاؤں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے ہے۔ اس لیے 14 فروری کو بڑی تعداد میں شریک ہو کر نشے کے خلاف اپنا مضبوط اور بے خوف آواز بلند کرنے کی اپیل کی جاتی ہے۔

2026, فروری 14
صبح 08:30 بجے
مقام : پولیس پریڈ گراؤنڈ (عید گاہ گراؤنڈ ) ، ایکاتماتا چوک، مالیگاؤں ، اپیل کردہ نشہ مُکت مالیگاؤں ابھیان
(سونالی پوار و مالیگاؤں پولیس انتظامیہ) ۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.