مالیگاؤں: شہر میں بجلی کمپنی کی مبینہ لاپرواہی، ناقص بجلی نظام، بار بار بجلی کی بندش اور کرنٹ لگنے سے ہونے والی اموات کے خلاف سماجوادی پارٹی کی جانب سے ڈپٹی میئر شانِ ہند نہال احمد کی قیادت میں بجلی کمپنی کے دفتر پر احتجاج کرتے ہوئے شدید نعرے بازی کی گئی ۔
احتجاج کے دوران پارٹی عہدیداران اور کارکنان نے بجلی کمپنی کے خلاف سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کمپنی کی غفلت اور ناقص دیکھ بھال کی وجہ سے آئے دن شہریوں کی جانیں خطرے میں پڑ رہی ہیں۔ خاص طور پر بارش کے موسم میں لوہے کے بجلی کے کھمبوں میں کرنٹ اترنے کے باعث جان لیوا حادثات پیش آ رہے ہیں، جس کے نتیجے میں کئی بے گناہ افراد اپنی جان گنوا چکے ہیں۔
ڈپٹی میئر شانِ ہند نہال احمد نے کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ بجلی کمپنی کی اولین ذمہ داری ہے، مگر افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ کمپنی اپنی ذمہ داری ادا کرنے میں مسلسل ناکام ثابت ہو رہی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر فوری طور لوہے کے پول پر حفاظتی اقدامات نہیں کیے گئے تو سماجوادی پارٹی عوام کے ساتھ مل کر مزید سخت احتجاج کرنے پر مجبور ہوگی۔
اس موقع پر احتجاج کا اہم مطالبہ یہ تھا کہ شہر بھر میں نصب لوہے کے بجلی کے کھمبوں (الیکٹرک پول) پر فوری طور پر PVC پائپ کور لگائے جائیں تاکہ بارش کے دنوں میں کھمبوں میں کرنٹ نہ اترے، شہری محفوظ رہیں اور مستقبل میں کسی بھی قسم کا جانی نقصان نہ ہو۔ اس کے علاوہ ناقص بجلی لائنوں کی فوری مرمت، کھلے تاروں کو محفوظ بنانے، کرنٹ لگنے سے ہونے والی اموات کے ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی اور متاثرہ خاندانوں کو مناسب معاوضہ فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔
احتجاج کے دوران کارکنان نے "بجلی کمپنی ہوش میں آؤ"، "کرنٹ سے اموات بند کرو"، "عوام کو انصاف دو"، "محفوظ بجلی فراہم کرو" جیسے نعروں کے ذریعے اپنا شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔
اس احتجاج میں مولانا زاہد ندوی، شبیر احمد ببلو قریشی، صہیب خان اعظمی، سلیم گڑبڑ، راحیل حنیف، ابواللیث انصاری، ملک منظر، شہزاد ماسٹر، شاہد بابوچودھری اعجاز پاپے، راجو ہیپی، آمین فارمیسی، عبداللہ شیخ، سید انس (مصالحہ والے) سمیت سماجوادی پارٹی کے متعدد عہدیداران، کارکنان اور شہری بڑی تعداد میں موجود تھے، جنہوں نے بجلی کمپنی سے عوامی جان و مال کے تحفظ کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا .
