مشہور خبریں

مائناریٹی ڈیفنس کمیٹی کی ضلع کلکٹر، ایڈیشنل کلکٹر، نائب تحصیلدار کے ساتھ راؤنڈ ٹیبل میٹنگ، اسکولی بچوں کو پہلی ترجیح ،مالیگاؤں میں جنم داخلہ کے لئے بڑا کیمپ منعقد ہوگا ،

مالیگاؤں / 26 فروری بروز جمعرات دوپہر 2 بجے ضلع کلکٹر آفس ناسک میں ایک اہم آفیشل راؤنڈ ٹیبل میٹنگ منعقد ہوئی جس میں مالیگاؤں شہر کے جنم داخلہ (برتھ سرٹیفکیٹ) کے سنگین مسئلہ پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ یہ میٹنگ ضلع کلکٹر ایوش پرشاد کی جانب سے طلب کی گئی تھی۔ میٹنگ میں ایڈیشنل کلکٹر مالیگاؤں دیودتّ کیکان اور نائب تحصیلدار جیوتی دیورے میڈم کے علاوہ مالیگاؤں کی نمائندگی کرتے ہوئے مائناریٹی ڈیفنس کمیٹی کے کنوینر سابق رکن اسمبلی آصف شیخ رشید اور کوآرڈینیٹر مستقیم ڈگنیٹی شریک ہوئے۔

مالیگاؤں میں پچھلے ڈیڑھ سال سے جنم داخلہ کا مسئلہ عوام کے لئے بڑی پریشانی بنا ہوا ہے۔ کئی افراد کے داخلے رد ہوگئے ہیں اور متعدد خاندانوں کو اپنے بچوں کے اسکول میں داخلہ کے لئے سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مائناریٹی ڈیفنس کمیٹی مسلسل اس معاملہ پر عوام کی نمائندگی کر رہی ہے اور مختلف سطح پر حکام سے رابطے میں ہے۔ مالیگاؤں کارپوریشن میں مالیگاؤں سیکولر فرنٹ کو اقتدار ملنے کے بعد 18 فروری کو منعقدہ پہلی مہاسبھا میں جنم داخلہ سے متعلق مستقیم ڈگنیٹی کی پیش کردہ تجویز منظور کی گئی، جس کے بعد اس مسئلہ کو مزید سنجیدگی کے ساتھ آگے بڑھایا گیا اور اسی سلسلے میں ضلع کلکٹر نے یہ میٹنگ طلب کی۔
میٹنگ میں تفصیلی تبادلہ خیال کے بعد ضلع کلکٹر کے حکم پر یہ طئے پایا کہ جلد ہی محصول محکمہ کی جانب سے مالیگاؤں میں ایک خصوصی جنم داخلہ کیمپ منعقد کیا جائے گا۔ اس کیمپ میں تحصیلدار دفتر اور کارپوریشن کے کرمچاریوں کا خصوصی ٹیبل قائم کیا جائے گا تاکہ ان تمام افراد کو موقع دیا جاسکے جن کے جنم داخلے رد ہوگئے ہیں یا کسی وجہ سے بن نہیں پا رہے۔ ایسے افراد کو قانونی طریقے سے نئے سرے سے داخلہ بنانے کی سہولت فراہم کی جائے گی اور ضروری دستاویزات کی جانچ موقع پر ہی کی جائے گی۔

مائناریٹی ڈیفنس کمیٹی کی جانب سے یہ اہم مشورہ پیش کیا گیا کہ کیمپ کے پہلے مرحلے میں ایسے بچوں کو ترجیح دی جائے جو اسکول میں زیر تعلیم ہیں یا جن کی عمر اسکول میں داخلہ کی ہوچکی ہے لیکن برتھ سرٹیفکیٹ نہ ہونے کی وجہ سے انہیں ایڈمیشن میں رکاوٹ پیش آرہی ہے۔ ضلع کلکٹر نے اس تجویز کو سنجیدگی سے قبول کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ پہلے مرحلے میں اسکولی بچوں اور انتہائی ضرورت مند خاندانوں کے داخلے بنائے جائیں گے، جبکہ بعد کے مرحلے میں دیگر افراد کے جنم داخلے بنائے جائیں گے۔

میٹنگ کے بعد آصف شیخ رشید نے اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلع انتظامیہ کے تعاون سے بہت جلد کیمپ کی تاریخ کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ SIT کے بعد رد کئے گئے جنم داخلوں کو دوبارہ قانونی طریقے سے بحال یا نئے سرے سے بنانے کے لئے بھرپور کوشش جاری ہے۔ شیخ آصف اور مستقیم ڈگنیٹی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ گھبرائیں نہیں28 فروری بروز سنیچر سے روزانہ تراویح کے بعد شیخ رشید بھون آگرہ روڈ اور سماجوادی پارٹی عوامی رابطہ آفس آگرہ روڈ پر مائناریٹی ڈیفنس کمیٹی کے ذمہ داران عوام کی رہنمائی کے لئے موجود رہیں گے۔ یہاں جنم داخلہ نیا بنانے کے لئے عرضی دینے کا طریقہ، درکار کاغذات، قانونی تقاضے اور کیمپ میں شرکت کے مراحل کے بارے میں مکمل معلومات فراہم کی جائیں گی تاکہ عوام کو کسی بھی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

ناسک سے مائناریٹی ڈیفنس کمیٹی کے کوآرڈینیٹر مستقیم ڈگنیٹی نے بتایا کہ یہ پیش رفت مالیگاؤں کے ہزاروں خاندانوں کے لئے راحت کا سبب بنے گی اور خاص طور پر وہ بچے جو صرف جنم داخلہ کی کمی کی وجہ سے تعلیم سے محروم ہو رہے ہیں، اب انہیں انصاف اور سہولت ملنے کی امید پیدا ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی آئندہ بھی عوامی مسائل کے حل کے لئے سنجیدہ اور مستقل کوشش جاری رکھے گی۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.