مالیگاؤں : 25 مئی / (پریس ریلیز) مرکز میں برسرِ اقتدار بھارتیہ جنتا پارٹی حکومت کے رکن پارلیمنٹ "مہاراج" کا بار بار مالیگاؤں شہر میں آنا کسی سازش کا پیش خیمہ تو نہیں ہے؟ یا رکن پارلیمنٹ کسی تجارتی سرگرمیوں یا پھر کسی بی جے پی کے سیاسی پروگراموں میں بار بار تو نہیں آرہے ہیں؟ کیا بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ مہاراج کا مالیگاؤں شہر میں بار بار آنا ہندو مسلم اتحاد کو پارہ پارہ کرنے کیلئے کوئی پلاننگ کا حصہ تو نہیں ہے؟ اسطرح کے سنسنی خیز سوالات کو آج اٹھاتے ہوئے مالیگاؤں شہر ضلع راشٹروادی کانگریس پارٹی کے صدر آصف شیخ رشید نے پولس انتظامیہ سے تشفی بخش خلاصہ کا مطالبہ کیا ہے ۔
شیخ آصف نے آج ایک ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ مالیگاؤں شہر کا پولس ڈپارٹمنٹ بالخصوص خفیہ پولس انتظامیہ کہیں ناکام تو نہیں ہورہا ہے؟ شیخ آصف نے کہا کہ ایسا کونسا کام ہے جو رکن پارلیمنٹ مہاراج کو بار بار مالیگاؤں شہر کھینچ لا رہا ہے؟ موصوف نے پولس انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ اس جانب توجہ دی جائے اور بروقت ممکنہ کارروائی کی جائے ورنہ مہاراشٹر حکومت کے محکمہ وزارت داخلہ سے اس ضمن میں شکایت کی جائے گی اور مکمل جانچ کا مطالبہ کیا جائے گا۔شیخ آصف نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ وہ کونسا بی جے پی کا رکن پارلیمنٹ ہے جو بار بار مالیگاؤں آرہا ہے اور کیوں؟ اسکی جانچ پولس انتظامیہ کو کرنا چاہیے اگر مالیگاؤں پولس ایسا نہیں کرتی ہیں تو پھر میں از خود وزیر داخلہ دلیپ ولسے پاٹل سے ملاقات کرتے ہوئے اس رکن پارلیمنٹ کے متعلق معلومات وزیر داخلہ کو دونگا ۔
آصف شیخ نے یہ بھی سنسنی خیز انکشاف کیا ہے کہ وہ بی جے پی کا رکن پارلیمنٹ مسلم اکثریتی علاقوں میں آکر کس بنگلہ میں قیام کررہا ہے؟ اسکی بھی تفصیل پولس انتظامیہ حاصل کریں۔ اسی طرح شیخ آصف نے کہا کہ کیا وہ مسلم علاقوں میں زمین کے کاروبار کیلئے آرہا ہے یا پھر کسی فرقہ وارانہ سازش کے لئے مالیگاؤں کا بار بار دورہ کیا جارہا ہے؟ ان سب سوالوں کے جواب پولس انتظامیہ کو حاصل کرنا چاہئے اور مالیگاؤں کی پر امن فضا، ہندو مسلم اتحاد کو باقی رکھنے کیلئے اقدامات کئے جانے چاہئے ۔
آصف شیخ رشید کے اس بیان پر مالیگاؤں پولس انتظامیہ سمیت سیاسی گلیاروں میں ہلچل مچ گئی ہیں اور ہر کوئی تذبذب میں مبتلا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کا وہ کونسا رکن پارلیمنٹ ہے جو بار بار مالیگاؤں آرہا ہے اور کیوں؟ اور وہ کس کے بنگلہ پر قیام کررہا ہے؟ اور مالیگاؤں میں کونسے مسلم اکثریتی علاقہ میں رکن پارلیمنٹ کا آنا ہورہا ہے؟ ۔ان سب سوالوں کے جواب کا انتظار اب عوام بھی کرنے لگی ہیں۔اب دیکھنا یہ ہے کہ پولس انتظامیہ کیا ایکشن لیتی ہے اور کونسا راز افشاں ہوتا ہے؟ اس پر نظریں لگی ہوئی ہیں ۔