الیکشن آفیسر و مفتی اسمٰعیل سمیت تمام امیدواروں کے خلاف ممبئی ہائی کورٹ میں الیکشن پٹیشن دائر ، جلد سماعت کا امکان
0
جنوری 08, 2025
مالیگاؤں : 8 جنوری / ممبئی ہائی کورٹ میں پہلی الیکشن پٹیشن گزشتہ 4 جنوری کو دائر کی گئی تھی جسکا نمبر 290 بتایا گیا ہے اور کل سات جنوری کو مالیگاؤں سینٹرل حلقہ اسمبلی کے ایم ایل اے محمد اسمٰعیل عبد الخالق سمیت تمام امیدواروں کو پارٹی بناتے ہوئے دائر کردی گئی ہے ۔اس طرح کی تفصیلات ممبئی سے آصف شیخ رشید نے دی ۔انہوں نے بتایا کہ اسمبلی چناؤ میں مذہب کے استعمال کی ممانعت کے باوجود مفتی اسمٰعیل اور مجلس اتحاد المسلمین کے دیگر افراد و خواتین نے تقریریں کی، پمپلیٹ تقسیم کئے اور دیگر کئی جگہوں پر مذہبی امور کا استعمال کیا ۔عوام کو تعمیری کاموں پر ہموار نہ کرتے ہوئے مذہبی جذبات کو بڑھاوا دیکر اسمبلی چناؤ لڑا اور جیتا گیا ہے ۔ ان معاملات کے تمام ثبوت پیٹیشن کیساتھ کورٹ میں پیش کئے ہیں۔آصف شیخ نے ممبئی سے بتایا کہ عوامی نمائندگی قانون 1950 /1951 کے سیکشن 226 کے تحت پٹیشن دائر کی گئی ہے جس کا پیٹیشن نمبر 07/2025 ہے ۔7 جنوری کو ہم نے ایڈوکیٹ پٹوردھن اور ایڈوکیٹ بھوشن آر منڈلک کے توسط سے کورٹ میں دائر کی ہے ۔آصف شیخ نے مزید بتایا کہ اس کیس میں ہم نے مالیگاؤں سینٹرل حلقہ اسمبلی کے رکن اسمبلی مفتی اسمٰعیل سمیت تمام امیدواروں کو پارٹی بنایا ہے ۔اس معاملے میں عدالت ہماری عرضداشت کو باریک بینی سے چیک کرنے کے بعد سماعت کیلئے قبول کریگی اور جسے میں نے پارٹی بنایا ہے ایسے تمام امیدواروں کو نوٹس جاری کریگی ۔اس کے بعد باقاعدہ سماعت ہوگی ۔آصف شیخ نے کہا کہ اس پٹیشن کی تیاری میں انڈین سیکولر پارٹی کے ذمہ داران کے علاوہ شکیل جانی بیگ، اسلم انصاری، نعیم مرزا،عبد المطلب شیخ، شفیق بھنیہ، کامران شیخ، عامر ملک، جنید عالم، اظہر ماسٹر وغیرہ نے سخت محنت و تعاون پیش کیا ہے ۔