مشہور خبریں

جامعہ شاہ ولی اللہ محدث دہلوی للبنات کا آٹھواں عظیم الشان سالانہ جلسہ عام کامیابی سے ہم کنار

مالیگاؤں / کل بروز پیر مورخہ 9 فروری 2025 مطابق 20 شعبان المعظم 1447 بعد نماز مغرب فوراً مسجد آفتاب سر کے پیچھے درس قرآن والی جگہ پر جامعہ شاہ ولی اللہ محدث دہلوی للبنات کا آٹھواں سالانہ جلسہ عام منعقد کیا گیا جس کا آغاز جامعہ کی ایک ہونہار طالبہ کی قرأت قرآن مجید سے ہوا اور اس کے بعد جامعہ کی دوسری طالبہ نے حمد باری تعالیٰ اور نعت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کا نذرانہ عقیدت پیش فرمایا۔ 
     بعد ازاں جامعہ کی تعلیمی سرگرمیوں کے اظہار کے لئے طالبات جامعہ کا ایک مختصر اور دلچسپ پروگرام پیش کیا گیا جسے سامعات جلسہ نے بہت ہی پسند فرمایا۔ اس کے بعد جامعہ کی صدر معلمہ نے سالانہ رپورٹ پیش فرمائی۔ اور اس کے معا بعد اس سال تکمیل کرنے والی طالبات نے آخری سورتوں کی تلاوت فرما کر اپنی تکمیل فرمائی۔ 
     اس کے بعد پروگرام کے لب لباب صدر محترمہ اور مقررہ خصوصی عالمہ ماجدہ نسرین آپا نے اپنے مواعظ حسنہ سے سامعات جلسہ کو مستفید کرتے ہوئے کہا کہ۔ خواتین اسلام کی ذمّہ داری بہت بڑی ہوتی ہے اس لئے آج جو بچیاں ہیں سرپرست حضرات انھیں علم دین ضرور سکھائیں کیونکہ یہ کل خاندان کی ذمّہ دار ہوں گی۔ اور صرف ناظرہ قرآن مجید کی تکمیل پر اکتفا نہ کریں بلکہ آگے تجوید حفظ اور عالمیت بھی پڑھائیں اور تمام ہی خواتین اپنے تمام ہی بچوں اور بچیوں کو پابندی کے ساتھ اپنے اپنے علاقے کے مدرسہ میں روانہ فرمائیں ہمارا کوئی بھی بچہ یا بچی علم دین سے محروم نہ رہنے پائے اس بات کی فکر کریں۔ 

     اسی طرح موصوفہ نے خواتین اسلام کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ اب ماہ رمضان المبارک آنے والا ہے لہذا روزوں کا اہتمام ضرور کریں بذات خود قرآن مجید کی تلاوت اور ذکر و اذکار کی فکر کریں اور اگر پڑھنا نہیں آتا ہے تو دور کے حلقوں میں شرکت کریں تاکہ ہمارے اندر شوق پیدا ہو اور پھر عید الفطر کے بعد داخلہ لے کر خود بھی تعلیم حاصل کریں اس لئے کہ علم حاصل کرنے کی کوئی عمر نہیں ہوتی ہے۔ اسی طرح ماہ رمضان میں شب قدر کا اہتمام کریں اور اپنی قبر کی تیاری کریں ہماری قبر میں سب زیادہ کام آنے والی چیز قرآن مجید ہے اس لئے اس سے ہمارا رشتہ مضبوط کریں اور الحمد للہ جامعہ شاہ ولی اللہ کے ساتھ ساتھ دیگر مدارس اسلامیہ اور مکاتب قرآنیہ اسی رشتے کو مضبوط کرنے کا کام کررہے ہیں۔ 
      خطبہ صدارت کے بعد طالبات جامعہ کو انعامات سے نوازا گیا اور صدر محترمہ کی رقت آمیز دعا پر پروگرام کا اختتام عمل میں آیا۔ 
     اس پروگرام میں سرپرستوں کے علاوہ محلے کی خواتین نے کثیر تعداد میں شرکت فرما کر استفادہ کیا۔ اس پروگرام کی نظامت جامعہ کی مؤقر معلمہ نے بحسن وخوبی انجام دیا۔ جاری کردہ۔ صدر و اراکین شاہ ولی اللہ اکیڈمی مالیگاؤں ، اسطرح کی تفصیلات بغرض اشاعت حافظ عقیل احمد ملی قاسمی نے فراہم کی ہے ۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.