پونہ / پونے کے کوتھروڈ علاقے میں ایک چونکا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے جہاں دوستی پر ناراض ایک 23 سالہ نوجوان کو لڑکی کے گھر والوں نے بے دردی سے پیٹ پیٹ کر ہلاک کر دیا۔ الزام ہے کہ اپنی گرل فرینڈ سے ملنے گئے ناگیش جادھو کو ایک عمارت کی چھت پر لے جاکر لکڑی کی لاٹھیوں اور لات بکے سے پیٹا ۔ اسے شدید زخمی حالت میں اسپتال میں داخل کرایا گیا، لیکن سسون اسپتال میں علاج کے دوران اس کی موت ہوگئی ۔ اس معاملے میں چھ ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے اور چار کی تلاش جاری ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق، ناگیش سنجے جادھو (23سال ) سنیچر کی شام کوتھروڈ کے میگا سٹی علاقے میں اپنی گرل فرینڈ سے ملنے گیا تھا۔ چونکہ دونوں دوست تھے اس لیے فون پر بات کرتے تھے۔ تاہم لڑکی کے گھر والے ناراض تھے کیونکہ وہ لڑکی سے اکثر ملتا تھا۔ ناگیش کو تقریباً 8 بجے عمارت کی چھت پر لے جایا گیا۔ الزام ہے کہ کچھ خواتین اور مردوں نے اسے لکڑی ڈنڈے اور لات بکے سے مارا گیا ۔
جب ناگیش شدید زخمی حالت میں پڑا تھا، تب اس کے گھر والوں کو فون کرکے دھمکی دی گئی، ’’تمہارا بیٹا میگاسٹی میں ہے، دس منٹ میں آکر اسے لے جاؤ، ورنہ ہم اسے نیچے پھینک دیں گے ۔‘‘ خوفزدہ خاندان فوری طور پر موقع پر پہنچ گیا۔ ناگیش کو فوراً اسپتال لے جایا گیا۔ تاہم سسون اسپتال کے ڈاکٹروں نے علاج کے دوران اسے مردہ قرار دے دیا۔ اس معاملے میں ناگیش کی ماں سریکھا جادھو کی شکایت پر دس لوگوں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر آف پولیس ملند موہتے کی طرف سے دی گئی معلومات کے مطابق، "اس معاملے میں اب تک چھ ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے، جن میں پانچ خواتین اور ایک مرد شامل ہیں ، باقی چار ملزمان کی تلاش جاری ہے۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد مزید معلومات واضح ہوں گی،" انہوں نے کہا۔ کوتھروڈ پولیس کیس کی مزید تفتیش کر رہی ہے۔
