ٹی سی ایس معاملہ : سیاسی رنگ دیکر تبدیلی مذہب کا معاملہ بتاکر تعلیم یافتہ افراد کو گرفتار کر نشانہ بنایا جارہا ہے ، ایڈوکیٹ فیض واصف کی عدالت میں پیروی ، آئندہ سماعت 19 جون کو
0
جون 12, 2026
ناسک / ناسک کے TCS معاملہ میں ندا خان سمیت چھ ملزمین کیخلاف پولس نے سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا ہے، ان ملزمین پر الزام ہے کہ انہوں نے دوسرے مذہب کی لڑکی کو مذہب تبدیل کرنے کیلئے اکسایا اور اس کے ساتھ زیادتی کی ۔اس تعلق سے دانش شیخ کو بھی اہم ملزم بنایا گیا ہے ۔دانش کی جانب سے مائناریٹی ڈیفنیس کمیٹی کے کنوینر آصف شیخ نے ایڈوکیٹ فیض واصف کی خدمات حاصل کی اور آج بارہ جون کو ناسک کورٹ میں اس ضمن میں سماعت ہوئی ۔اس طرح کی تفصیلات آصف شیخ نے دی ۔انہوں نے بتایا کہ ایڈوکیٹ فیض واصف نے ندا خان TCS معاملہ میں گرفتار ملزمین میں سے دانش کی جانب سے پیروی کرتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ پولس کی جانب سے دائر چارج شیٹ سے پتہ چلتا ہے کہ ملزمین کو بلی کا بکرا بنایا جارہا ہے سیاسی دباؤ میں اس ضمن میں کارروائی کی جارہی ہے ۔یہ تبدیلی مذہب کا معاملہ نہیں ہے بلکہ اسے سیاسی رنگ دیکر تبدیلی مذہب کا معاملہ بتایا جارہا ہے اور تعلیم یافتہ افراد کو گرفتار کر نشانہ بنایا جارہا ہے ۔ملزمین کیخلاف کوئی ٹھوس ثبوت موجود نہیں ہے اس لیے عدالت اس کیس میں گرفتار دانش شیخ و دیگر کو رہا کرے ۔ایڈوکیٹ فیض واصف نے مہربان ہائی کورٹ و سپریم کورٹ کے کئی فیصلے بھی بطور ثبوت پیش کئے ۔دفاعی وکیل کی مدلل بحث کو عدالت نے نوٹس میں لیا اور کہا کہ اس تعلق سے سرکاری وکیل کو کچھ کہنا ہے تو وہ بھی کہہ سکتے ہیں ۔اس پر سرکاری وکیل نے آئندہ کی تاریخ طلب کی جس پر عدالت نے 19 جون کو سماعت کا وقت دیا ہے ۔اسلام پارٹی کے بانی آصف شیخ نے کہا کہ سرکاری دباؤ میں سیاسی طاقتوں کے چلتے مسلم نوجوان کو نشانہ بنایا جارہا ہے ۔اس موقع پر ناسک کورٹ میں دانش شیخ کے علاوہ پانچوں ملزمین کے اہل خانہ موجود تھے ۔
