لکھنؤ : 13 مئی / اتر پردیش کے محکمہ اقلیتی بہبود نے مدارس میں قومی ترانہ گانے کو لازمی قرار دینے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ اس سلسلے میں ضلع اقلیتی بہبود کے افسران کو احکامات جاری کردیئے گئے ہیں ۔
اترپردیش میں یوگی آدتیہ ناتھ کی حکومت نے ایک اہم فیصلہ لیا ہے۔ ریاستی محکمہ اقلیتی بہبود نے ضلع اقلیتی بہبود افسر کے ذریعہ تحریری حکم نامہ جاری کیا ہے۔ اس حکم کے مطابق ریاست کے تمام مدارس میں قومی ترانہ پڑھنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ مارچ میں اتر پردیش حکومت نے ریاست کے 16،000 مدارس میں قومی ترانہ گانا لازمی قرار دیا ہے ۔ اس میں 560 سرکاری امداد سے چلنے والے مدارس بھی شامل ہیں ۔
ماہ رمضان کی وجہ سے مدارس بند تھے اس لیے مارچ میں کیے گئے فیصلے پر عمل درآمد نہیں ہوا۔ یہ فیصلہ آج سے مدارس میں تعلیمی کام شروع ہونے کے بعد لیا گیا ہے ۔
مدارس میں زیر تعلیم سیکنڈری، ہائر سیکنڈری اور انڈر گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ کورسز کے 1.62 لاکھ طلباء کے امتحانات 14 مئی سے شروع ہو رہے ہیں۔ کئی مدارس میں قومی ترانہ گانا شروع ہو چکا ہے۔ تاہم اب ریاستی حکومت کے حکم سے اسے لازمی کر دیا گیا ہے ۔ صبح تعلیمی کلاسز شروع ہونے سے قبل قومی ترانہ گانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ ریاستی محکمہ اقلیتی بہبود کے چیئرمین افتخار احمد جاوید نے کہا کہ یہ فیصلہ مدارس میں زیر تعلیم طلباء میں حب الوطنی کا جذبہ پیدا کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔
مدرسہ شروع ہوتے ہی فیصلے پر عمل درآمد کا حکم ، رمضان المبارک اور عید کی تعطیلات کے بعد مدارس میں تعلیم کا دوبارہ آغاز ۔ قومی ترانہ گانے کے لئے کتابچہ یوگی آدتیہ ناتھ کی حکومت کی جانب سے محکمہ اقلیتی بہبود نے جاری کیا ہے۔ ضلع اقلیتی بہبود افسر اس حکم کو نافذ کرنے کا ذمہ دار ہوگا۔
دریں اثنا، اتر پردیش میں یوگی آدتیہ ناتھ کی حکومت نے گزشتہ ماہ مذہبی مقامات سے غیر قانونی اسپیکر ہٹانے کا حکم جاری کیا تھا۔ ریاستی حکومت نے اس حکم کو سختی سے نافذ کیا تھا۔ تمام مذاہب کے مذہبی مقامات پر غیر قانونی بھونگے اتارے گئے۔ مہاراشٹر نو نرمان سینا کے صدر راج ٹھاکرے نے اس کے لیے یوگی آدتیہ ناتھ کی تعریف بھی کی تھی ۔