مالیگاؤں : 11 مئی / گزشتہ شب 12 بجے کے قریب مالیگاؤں منماڑ روڈ پر پیش ائے سڑک حادثہ میں جواں سال ذیشان احمد شاہد احمد جاں بحق ہوگیا ۔ بتایا گیا ہے کہ یہ نوجوان اپنے دوست کے ہمراہ بذریعہ ہیرو ہانڈا منماڑ جارہا تھا ۔
دوران سفر ٹو وہیلر اچانک بے قابو ہوکر ایک درخت سے جا ٹکرائی ۔جس میں ذیشان شدید زخمی ہوگیا اور اسکا دوست قدرتی طور پر محفوظ رہا ۔حادثہ کی اطلاع ملتے ہی متعلقین نے ذیشان کے معالجہ کیلئے مالیگاؤں و دھولیہ تک ہر ممکن کوشش کی لیکن مرضئ مولیٰ کے آگے ہر انسان بےبس ہے کے مصداق ذیشان زندگی کی بازی ہار گیا اور اس دار فانی سے کوچ کرگیا ۔
مرحوم کا جسد خاکی دوپہر 12 بجے موتی تالاب سے اٹھایا گیا اور بڑے قبرستان میں تدفین عمل میں آئی ۔خیال رہے مرحوم اپنی والدہ کے ساتھ گلشن یاسین میں ایک مکان میں کرایہ سے رہتا تھا اور کارپوریشن کے ملیریا محکمہ میں مان دھن (عارضی) طور پر ملازم بھی تھا ۔