پونہ : 11 مئی / پونہ کے کونڈھوا علاقے میں رہنے والے ایک جوڑے نے اپنے 11 سالہ بچے کو ایک کمرے میں 22 سے زیادہ کتوں کے ساتھ رکھا ہوا تھا ۔ دو سال سے کتوں کے ساتھ رہنے کے بعد یہ لڑکا کتے کی طرح برتاؤ کرنے لگا ہے ، یہ چونکا دینے والا معاملہ چائلڈ لائن نامی تنظیم کے علم میں آنے کے بعد سامنے آیا ہے ۔
اس معاملے میں بچے کے ماں باپ سنجے لودھریا اور شیتل لودھریا کے خلاف کونڈھوا پولیس اسٹیشن میں ''جوینائل جسٹس (بچوں کی دیکھ بھال اور تحفظ) '' ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ لودھریا خاندان کونڈھوا کے کرشنائی بلڈنگ میں رہتا ہے ۔ انہوں نے 22 کتے پال رکھے ہیں ۔ مقامی افراد نے شکایت کی ہے کہ کتے پریشانی کا باعث ہیں اور بدبو پھیلا رہے ہیں ۔ دریں اثنا، ایک 11 سالہ لڑکا تقریباً دو سال سے ان کتوں کے ساتھ ایک کمرے میں رہ رہا ہے ۔ بتایا گیا ہے کہ یہ بچہ کھڑکی پر بیٹھ کر کتے کی طرح حرکتیں کرتا ہے ۔ چائلڈ لائن کی کوآرڈینیٹر اپرنا موڈک کو کال کرنے کے بعد یہ واقعہ سامنے آیا ہے ۔ فی الحال کونڈھوا پولیس نے دونوں میاں بیوی کے خلاف مقدمہ درج کر تفتیش شروع کر دی ہے ۔
اس معاملے میں سینئر پولیس انسپکٹر سردار پاٹل نے بچے کو بچاتے ہوئے اپنا تجربہ شیئر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ بچے کو کمرے سے نکالنا واقعی ایک مشکل کام تھا کیونکہ وہ تمام کتے آوارہ تھے۔ ان کی نس بندی نہیں کی گئی تھی۔ اس کے علاوہ وہ کسی بھی وقت پرتشدد ہو سکتے تھے ۔ گندی جگہ پر 22 کتوں کے پاس 11 سال کا بچہ پھنسا ہوا تھا ۔ پولیس نے کہا کہ بچوں کو جانوروں کے قریب رکھنا اور اس طرح بچوں کی ذہنی صحت پر منفی اثر ڈالنا جرم ہے ۔ ملزمین کو قانون کے مطابق گرفتار کیا جائے گا ۔