مالیگاؤں / (پریس نوٹ) 26جون بروزاتوارصبح دس بجے، دفتر اہل حدیث منزل،گولڈن نگر مالیگاؤں میں صوبائی جمعیت اہل حدیث مہاراشٹر کی مجلس عاملہ کے اراکین کی میٹنگ صوبائی امیر ڈاکٹر سعید احمد فیضی صاحب کی صدارت میں منعقد ہوئی ۔ اس میٹنگ کی نظامت صوبائی جمعیت کے ناظم حافظ عنایت اللہ محمدی صاحب نے کی۔جبکہ مولاناامین محمدی کی تلاوت سے میٹنگ کا آغاز ہوا۔
صوبائی جمعیت اہل حدیث مہاراشٹر کے امیر ڈاکٹر سعید احمد فیضی صاحب نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ مسلم رہائشی علاقوں میں گندگی،بدبو،غیرمہذب انداز گفتگو و بداخلاقی اور بیڑی سگریٹ،تمباکو اور گٹکا ودیگر منشیات کے استعمال کی عادات خبیثہ کا کسی روک ٹوک کے فخریہ اظہار وغیرہ میں اصلاح کی ضرورت ہے اور مسلم محلوں کے ماحول کو خوشگوار بنانے کی ضرورت ہے۔ڈاکٹر صاحب نے ملک کے حالیہ تناظر میں کہا کہ دینی اصول اور کوئی کمپرومائز نہ کرتے ہوئے اتحاد واتفاق کے ساتھ رہیں اپنے مسلکی اختلافات اور دیگر مذاہب اور حکومت سے اختلاف کو کسی تنازعہ کی شکل نہ دیں۔قانون کی پاسداری کرتے ہوئے ترقی کی راہ اپنائیں۔
اس اہم اور بامقصد میٹنگ میں صوبائی جمعیت کی گذشتہ میٹنگ کی کاروائی اورجماعتی کارکردگی کا احتساب کیا گیا۔ اور کاموں میں مزید تیزی لانے پر گفت و شنید کی گئی۔ اسی طرح صوبائی جمعیت کے ناظم حافظ عنایت اللہ محمدی نے صوبائی جمعیت کی سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کی اور ساتھ ہی سالانہ گوشوارہ آمد وخرچ پیش کیا جس پر اراکین عاملہ نے اطمینان کا اظہار کیا۔ شعبہ مالیات کے دائرے کو وسیع کرتے ہوئے احمد نگر کے مولانا امین محمدی اور ناسک کےمولانا عبدالوحید سلفی کو رکن منتخب کیاگیا۔ حافظ عنایت اللہ محمدی نے ڈاکٹر سعید احمد فیضی صاحب کی امارت میں پورے صوبے میں جاری جماعتی سرگرمیوں پر ذمہ داران اور ارکان عاملہ کی کوششوں کی سراہنا کی اور اسی طرح عاملہ کے متفقہ رائے سے شعبہ دعوت کے سہ ماہی منصوبے پرمنظم کام کرنے کیلئے تین علماء (شیخ اظہار بشیر مدنی، شیخ عبدالوحید سلفی،شیخ مصطفی بشیر مدنی) کا اضافہ کیاگیا۔ اس میٹنگ میں سفراء کے تصدیق نامے کے لئے شاہد فیضی کے تیار کردہ گوگل فارم کو جاری کرنے کا فیصلہ کیاگیا۔ اس کے علاوہ کئی امور پر فیصلے کئے گئے۔ اس میٹنگ میں صوبہ سے مولانا طاہر بیگ محمدی (شولاپور) مولانا یوسف محمدی، خلیل انجینئر (ناندیڑ) مولانا امین محمدی(احمد نگر) شیخ اظہار بشیر مدنی،عبداللہ تسلیم (اورنگ آباد) مولانا عبدالوحید سلفی (ناسک) حافظ سہیل محمدی (جالنہ)شیخ اسرائیل ،سلیم بھائی (آکولہ) مولانا عارف محمدی (ایولہ) حافظ زاہد محمدی (نندوربار) عبدالرشید(دھرم آباد)عبدالصمدشیخ(منماڑ) وغیرہ کے علاوہ مقامی سطح پر مولانا شکیل احمد فیضی ،حافظ اشفاق احمد محمدی ،شفیق الرحمن ،نور پریس،اقبال احمد محمدی ،شیخ مصطفی بشیر مدنی ،نورالامین ٖفیضی سروغیرہ کے علاوہ مدعوئین خصوصی شریک رہے۔ مجموعی اعتبار سے یہ میٹنگ کامیاب رہی .