مشہور خبریں

ٹیکسی ڈرائیوروں کے روزگار پر بحران، مستقیم ڈگنیٹی کی قیادت میں وفد کی بس ڈپو مینیجر سے اہم ملاقات و مطالبہ

مالیگاؤں، 14 مئی / نئے بس اسٹینڈ کی تزئین و آرائش کے سبب منماڑ جانے والی بسوں کو جونے بس اسٹینڈ پر منتقل کیے جانے کے فیصلے نے مالیگاؤں اور منماڑ کے درمیان چلنے والی ٹیکسیوں کے روزگار پر گہرا اثر ڈالا ہے۔ اس غیر متوقع تبدیلی کے باعث ٹیکسی مالکان اور ڈرائیور شدید پریشانی کا شکار ہیں۔

اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے مالیگاؤں ٹیکسی یونین کے ذمہ داران نے سماجوادی پارٹی کے نوجوان قائد مستقیم ڈگنیٹی سے ملاقات کی اور اپنے خدشات سے آگاہ کیا۔ مسائل کی سنگینی کو سمجھتے ہوئے مستقیم ڈگنیٹی نے فوری طور پر نئے بس ڈپو کے مینیجر سے رابطہ کیا اور ملاقات کا وقت حاصل کیا۔

آج دوپہر 12 بجے مستقیم ڈگنیٹی کی قیادت میں ٹیکسی یونین کے ایک وفد نے بس ڈپو مینیجر سے ملاقات کی۔ اس دوران مستقیم ڈگنیٹی نے نمائندگی کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ مالیگاؤں سے منماڑ جانے والی بسیں سابقہ مقام یعنی نئے بس ڈپو ہی سے روانہ کی جائیں تاکہ ٹیکسی ڈرائیوروں کا روزگار متاثر نہ ہو۔

ملاقات کے دوران بس ڈپو مینیجر نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ وہ بسوں کے شیڈول پر نظرثانی کرکے ممکنہ حل تلاش کرنے کی کوشش کریں گے۔ اس اہم ملاقات میں سابق کارپوریٹر عبدالباقی راشن والا، عمران باقی، عبدالرحمٰن انصاری سمیت دیگر ٹیکسی ڈرائیور اور مالکان بھی موجود تھے۔

ٹیکسی یونین نے اس مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ متعلقہ حکام جلد ہی اس مسئلے کا قابل قبول حل نکالیں گے۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.