مالیگاؤں : 13 مئی / شہر کو بجلی فراہم کرنے والی پرائیویٹ پاور کمپنی کی غیر ذمہ داری کی وجہ سے اقصٰی کالونی میں رہنے والے عرفات احمد انیس احمد (11) کی منگل (13) کو بجلی کے کھمبے سے کرنٹ لگنے سے موت ہو گئی۔ اس واقعہ سے علاقے میں غم و غصہ پایا جارہا ہے۔ مشتعل ہجوم نے بجلی کی تقسیم کار کمپنی سے خاندان کی مالی مدد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق عرفات جب مدرسہ جارہا تھا کہ اسی دوران اقصی کالونی کے گٹ نمبر 204 میں بجلی کے کھمبے کے پاس کھڑی اپنی سائیکل نکالنے کی کوشش کی تو اسی کھمبے سے اس بچے کو کرنٹ لگ گیا۔ مقامی لوگوں نے اسے بچانے کی کوشش کی۔ لیکن بدقسمتی سے اس کی موت ہوگئی۔ اس معاملے کو لے کر علاقے میں کافی سنسنی پائی جارہی ہے۔ علاقہ کے مکینوں نے بجلی کمپنی سے مطالبہ کیا ہے کہ مانسون سے قبل بجلی کی مرمت کا کام فوری طور پر مکمل کیا جائے۔
