مالیگاؤں / ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت دادا پوار کی طیارہ حادثے میں موت کے بعد پوری ریاست سوگ میں ڈوبی ہوئی ہے۔ دریں اثنا، آنجہانی اجیت پوار کے بعد ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ کا عہدہ خالی ہونے پر سیاسی حلقوں سے بڑی خبریں سامنے آئی ہیں اور اجیت پوار کی اہلیہ سنیترا پوار نائب وزیر اعلیٰ کا عہدہ سنبھالنے پر رضامند ہو گئی ہیں اور این سی پی گروپ میں پیشرفت نے زور پکڑ لیا ہے ، نائب وزیر اعلیٰ کے عہدے کے لیے ان کے نام کی تصدیق ہو گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی مہاراشٹر کو پہلی خاتون نائب وزیر اعلیٰ ملے گی۔
این سی پی کے تمام ممبران اسمبلی کی ایک اہم میٹنگ کل صبح 11 بجے ممبئی میں ہوگی۔ اس میٹنگ میں گروپ لیڈر کا انتخاب کیا جائے گا، جس کے بعد سنیترا پوار شام کو نائب وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف لیں گی۔ اجیت پوار کے سیاسی مشیر نریش اروڑہ نے سنیترا پوار سے اس پر تبادلہ خیال کیا اور انہوں نے یہ عہدہ قبول کرنے پر رضامندی ظاہر کی۔
دریں اثنا، سینئر این سی پی لیڈر چھگن بھجبل، سنیل تٹکرے، دھننجے منڈے اور پرفل پٹیل نے وزیر اعلی دیویندر فڑنویس سے ان کی ورشا رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس میٹنگ کے بعد بتایا جا رہا ہے کہ آخر کار نائب وزیر اعلیٰ کے عہدے کے لیے سنیترا پوار کے نام کی تصدیق ہو گئی۔
پارٹی نے مقننہ کو ایک خط بھیجا ہے جس میں کل ہونے والے ایم ایل ایز کی میٹنگ کے لیے جگہ کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ احتیاط کے طور پر بہت سے ایم ایل اے آج یا کل صبح ممبئی پہنچیں گے ۔
سنیترا پوار ایک نظر میں :
پیدائش: 18 اکتوبر 1963 (62 سال)، مہاراشٹر
بچے : پارتھ پوار ، جے پوار
شریک حیات : اجیت پوار ( 1985-2026) ۔
پارٹی : نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی )
عہدہ : راجیہ سبھا رکن ۔
