مالیگاؤں / شہر میں تعلیمی ترقی کو نئی سمت دینے کے لیے میونسپل کارپوریشن وارڈ نمبر 7 کے فعال کارپوریٹر اور سماجوادی پارٹی کے گٹ نیتا، محمد مستقیم محمد مصطفیٰ ڈگنیٹی نے ریاست مہاراشٹر کے وزیر تعلیم دادا بھوسے کو ایک مطالباتی مکتوب پیش کیا ہے۔
اس مکتوب میں انہوں نے وارڈ نمبر 7، سروے نمبر 157/1-B، نیا اسلامپورہ کے اوپن اسپیس پر تقریباً 3 کروڑ روپے کی لاگت سے “نہال احمد مولوی محمد عثمان اسٹڈی سینٹر” کے قیام کے لیے منظوری دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
انہوں نے اپنے مکتوب میں اس بات پر زور دیا کہ مالیگاؤں جیسے گنجان آبادی والے شہر میں آج بھی طلبہ کو جدید تعلیمی سہولیات میسر نہیں ہیں۔ لائبریری، اسٹڈی سینٹر اور دیگر بنیادی سہولیات کی کمی تعلیمی معیار کو متاثر کر رہی ہے اور نوجوان نسل کے مستقبل پر منفی اثر ڈال رہی ہے۔
اسی پس منظر میں نیا اسلامپورہ میں ایک جدید، وسیع اور مکمل سہولیات سے لیس “نہال احمد مولوی محمد عثمان اسٹڈی سینٹر” کے قیام کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ اس مجوزہ اسٹڈی سینٹر میں طلبہ کے لیے NEET، JEE، MPSC، UPSC سمیت دیگر اہم انٹرنس امتحانات کی تیاری کے لیے خصوصی رہنمائی فراہم کرنے کا منصوبہ ہے۔
مزید یہ کہ اس سینٹر میں جدید لائبریری، ڈیجیٹل اسٹڈی روم، آن لائن لرننگ سہولیات، مقابلہ جاتی امتحانات کے لیے کوچنگ گائیڈنس، پرسکون مطالعہ ماحول، اور ماہر اساتذہ کی رہنمائی جیسی سہولیات فراہم کرنے کا وژن پیش کیا گیا ہے، تاکہ علاقے کے نوجوان بہتر تیاری کے ساتھ اپنے مستقبل کو روشن بنا سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کا تعلیمی پروجیکٹ نہ صرف علاقے کے ہزاروں طلبہ کے لیے فائدہ مند ہوگا بلکہ شہر کی مجموعی تعلیمی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔
آخر میں محمد مستقیم محمد مصطفیٰ ڈگنیٹی نے حکومت مہاراشٹر سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ اس عوامی مفاد کے اہم پروجیکٹ کو فوری منظوری دی جائے اور 3 کروڑ روپے کا فنڈ جاری کیا جائے، تاکہ مالیگاؤں کے طلبہ کو ترقی کے مساوی مواقع فراہم ہو سکیں۔
