مالیگاؤں: 4 جولائی / ناسک ضلع کے کلکٹر آیوش پرساد نے مالیگاؤں میں انتخابی ووٹر لسٹ کی خصوصی نظرثانی (SIR) کے حوالے سے اہم پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ اس موقع پر انہوں نے SIR عمل کی تفصیلات، پیشرفت اور چیلنجز سے آگاہ کیا اور تمام سیاسی جماعتوں سے مکمل تعاون کی اپیل کی۔کلکٹر آیوش پرساد نے بتایا کہ انتخابی کمیشن آف انڈیا کے تحت SIR پروگرام مہاراشٹر سمیت کئی ریاستوں میں شروع ہو چکا ہے۔
ناسک ضلع میں یہ عمل 16 جون سے جاری ہے۔ پہلا مرحلہ فارموں کی پرنٹنگ اور BLOs (بوتھ لیول آفیسرز) کو ان کی تقسیم کا 29 جون تک مکمل ہو چکا ہے۔ تمام BLOs کو تربیت دی جا چکی ہے اور آج مالیگاؤں اور مالیگاؤں آؤٹر دونوں حلقوں میں BLO سپروائزرز، اسسٹنٹ الیکٹرل رجسٹریشن آفیسرز (AEROs) کے ساتھ اہم میٹنگز منعقد کی گئیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کے ساتھ بھی الگ میٹنگ کی گئی جس میں انتخابی کمیشن کے تمام طریقہ کار، پروسیجر اور ممکنہ شکوک و شبہات کی مکمل وضاحت کی گئی۔ کلکٹر نے سیاسی جماعتوں سے درخواست کی کہ وہ اس پورے عمل میں فعال تعاون فراہم کریں تاکہ ووٹر لسٹ درست، شفاف اور تنازع سے پاک بن سکے۔
کلکٹر نے بتایا کہ مالیگاؤں میں تقریباً 1 لاکھ 26 ہزار ناموں میں مختلف قسم کی فرق (mismatches) سامنے آئی ہیں۔ تاہم، ٹیبل ٹاپ ایکسرسائز کے ذریعے مالیگاؤں میں 76 سے 77 فیصد میپنگ مکمل ہو چکی ہے جبکہ پورے ضلع میں یہ شرح 82 فیصد ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مالیگاؤں کسی صورت پیچھے نہیں ہے۔مماثلت کی وجوہات بیان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پرانے ووٹر کارڈز میں ناموں کی ترتیب، ابتدائی حروف، والد کا نام، عمر کے فرق اور دیگر 12-13 معیار پر فرق پایا جاتا ہے۔ AI ٹیکنالوجی کے ذریعے مسلسل جانچ ہو رہی ہے۔ اب BLOs گھر گھر جا کر تصدیق کریں گے اور غلطیاں دور کی جائیں گی۔
ایس آئی آر کا مکمل عمل 5 اکتوبر تک جاری رہے گا۔ اس کے بعد ڈرافٹ الیکٹرول رول شائع کیا جائے گا جس پر اعتراضات وصول کیے جائیں گے اور ضروری اصلاحات کی جائیں گی۔BLOs کے بارے میں بتاتے ہوئے کلکٹر نے کہا کہ ایک عام BLO کے پاس تقریباً 800 ووٹرز ہوتے ہیں۔ انہیں دو اسسٹنٹس فراہم کیے گئے ہیں۔ فارم بھرنے اور ڈیجیٹائز کرنے میں محض ایک سے دو منٹ لگتے ہیں۔ ضلع کے بعض علاقوں میں چار دنوں میں 70 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔ انہوں نے BLOs کو ہدایات دی ہیں کہ وہ منظم اور سمارٹ طریقے سے کام کریں تاکہ ایس آئی آر کا عمل وقت پر مکمل ہو۔
کلکٹر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ BLOs کے ساتھ تعاون کریں۔ 8 مختلف دستاویزات قبول کی جائیں گی۔ LC (لیونگ سرٹیفکیٹ) کی بجائے 10ویں اور 12ویں کلاس کی مارک شیٹس بھی قابل قبول ہیں۔ مالیگاؤں میں 70 فیصد لوگوں کے پاس برتھ رجسٹریشن موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ عمل بہت آسان ہے۔ خود انہوں نے BLOs کے ساتھ جا کر فیلڈ ورک دیکھا ہے۔ گجرات سمیت دیگر ریاستوں کے تجربات کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ شفاف اور افواہوں سے پاک طریقہ ہے۔ کلکٹر آیوش پرساد نے تمام قومی، ریاستی اور رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں سے BLA (بلوک لیول اسٹنٹ) تعینات کرنے کی درخواست کی۔ انہوں نے زور دیا کہ تمام فریقین مل کر کام کریں تاکہ ووٹر لسٹ میں کوئی غلطی نہ رہے اور عمل مکمل طور پر شفاف رہے۔اس پریس کانفرنس میں مقامی سیاسی جماعتوں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی اور مختلف سوالات اٹھائے جن کے جوابات دیے گئے۔ SIR عمل الیکشن کمیشن کے تحت جاری ہے اور اس کا مقصد ووٹر لسٹ کو درست اور تازہ ترین بنانا ہے۔ عوام سے اپیل ہے کہ وہ BLOs کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔
