مشہور خبریں

مالیگاؤں شہر میں آنگن واڑی بھرتی کا کوئی اشتہار جاری نہیں، خواتین پریشان نہ ہوں: شانِ ہند نہال احمد

مالیگاؤں / گزشتہ دنوں مقامی اخبار میں آنگن واڑی سیویکا اور مددتنیس (خادمہ) کی آسامیوں سے متعلق ایک خبر شائع ہوئی تھی، جس میں درخواست فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ 31 جولائی درج کی گئی تھی۔ اس خبر کے بعد مالیگاؤں شہر کی بڑی تعداد میں خواتین نے آنگن واڑی ملازمتوں کے تعلق سے معلومات حاصل کرنے کے لیے آنگن واڑی کرمچاری سبھا (یونین) کی صدر شان ہند نہال احمد و یونین کے ذمہ داران سے رابطہ کیا، جبکہ کئی خواتین بال وکاس پرکلپ آفس سے رجوع کر رہی تھیں، جس کے باعث ان میں بے چینی اور تشویش کی کیفیت بھی پیدا ہوگئی۔

اس معاملے کی حقیقت جاننے کے لیے مالیگاؤں آنگن واڑی کرمچاری سبھا (یونین) کی صدر اور مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کی ڈپٹی میئر محترمہ شانِ ہند نہال احمد نے مقامی بال وکاس پرکلپ ادھیکاری سے رابطہ کیا۔ تفصیلی گفتگو کے دوران یہ بات واضح کی گئی کہ مالیگاؤں شہر کی آنگن واڑیوں میں فی الحال کسی بھی قسم کی بھرتی کے لیے کوئی سرکاری اشتہار جاری نہیں کیا گیا ہے۔

بال وکاس پرکلپ آفس سے موصولہ معلومات کے مطابق، اخبارات میں شائع ہونے والی خبر ناسک ضلع کے مختلف دیہی علاقوں میں موجود آسامیوں سے متعلق تھی، جس کا مالیگاؤں شہر سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ لہٰذا مالیگاؤں شہر کی وہ خواتین جو آنگن واڑی میں ملازمت کی خواہش مند ہیں، انہیں کسی قسم کی پریشانی یا غلط فہمی میں مبتلا ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔
محترمہ شانِ ہند نہال احمد نے کہا کہ آنگن واڑی میں ملازمت حاصل کرنے کی خواہش رکھنے والی خواتین صرف سرکاری ذرائع سے جاری ہونے والی اطلاعات پر ہی اعتماد کریں۔ انہوں نے خصوصی طور پر خبردار کیا کہ بعض افراد ملازمت دلانے یا نام شامل کرانے کے بہانے خواتین کو گمراہ کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں، اس لیے کسی بھی ایجنٹ یا دلال کے جھانسے میں نہ آئیں اور نوکری کے نام پر کسی قسم کے روپیہ پیسے کا لین دین ہرگز نہ کریں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ مالیگاؤں شہر کی آنگن واڑیوں میں مددتنیس (خادمہ) کی آسامیوں کے لیے جلد ہی سرکاری سطح پر نوٹیفکیشن جاری ہونے کی توقع ہے۔ جیسے ہی متعلقہ آفس کی جانب سے باقاعدہ اشتہار جاری ہوگا، اس کی مکمل تفصیلات اخبارات اور دیگر ذرائع ابلاغ کے ذریعے عوام تک پہنچائی جائیں گی، تاکہ تمام خواہش مند خواتین بروقت درخواست جمع کرا سکیں۔

آخر میں محترمہ شانِ ہند نہال احمد نے کہا کہ مالیگاؤں آنگن واڑی کرمچاری سبھا (یونین) ہمیشہ خواتین کی رہنمائی اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے سرگرم عمل رہی ہے۔ آنگن واڑی بھرتی سے متعلق کسی بھی مستند معلومات، رہنمائی یا وضاحت کے لیے خواتین بلا جھجھک یونین کے سیکریٹری عبدالرحمٰن انصاری سے موبائل نمبر 9766752626 پر رابطہ کر سکتی ہیں۔ یونین کی جانب سے یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ خواتین کو بروقت اور درست معلومات فراہم کی جائیں گی تاکہ وہ کسی بھی قسم کی الجھن یا غلط معلومات کا شکار نہ ہوں ۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.