احمد نگر: 15 مئی / شرڈی جانے والی ایس ٹی بس اور عقیدت مندوں کی کار کے درمیان ہوئے المناک حادثے میں چار افراد کی موت ۔ حادثہ کے شکار ہوئے عقیدت مند مدھیہ پردیش سے شرڈی جا رہے تھےکہ اسی دوران کار کو ایس ٹی بس نے ٹکر دے ماری ۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ کار کے پرخچے اڑ گئے۔
ملی تفصیلات کے مطابق احمد نگر سے شرڈی آ رہی ایس ٹی بس MH 14 BT 4502 اور مہندرا ایکس یو وی کار MP 10 CB 1236 شرڈی سے شنگنا پور کی طرف آرہی تھی اسی درمیان دونوں گاڑیوں کی آپس میں ٹکر ہوگئی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ گاڑی کے شیشے ٹوٹ گئے۔ اس حادثے میں چار کی موت ہو گئی جس میں ایک خاتون اور ایک مرد موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ شدید زخمی لڑکا اور ایک خاتون علاج کے لیے لے جاتے ہوئے دم توڑ دیئے ۔ یہ حادثہ راہوری تعلقہ کے گوہا گاؤں کے قریب دوپہر تقریباً 3.30 بجے پیش آیا۔
چونکہ احمد نگر- منماڑ شاہراہ پر کام جاری ہے، اس وقت یک طرفہ ٹریفک چل رہی ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ حادثہ گاڑی کو اوورٹیک کرنے کی کوشش کے دوران پیش آیا۔ راہوری پولیس نے موقع پر پہنچ کر چاروں لاشوں کو سرکاری اسپتال میں پوسٹ مارٹم روانہ کیا ۔ اس دوران معلوم ہوا ہے کہ عقیدت مندوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔ پولس معاملے کی مزید تفتیش کر رہی ہے اور ابھی تک یہ پتہ نہیں چل سکا ہے کہ یہ سبھی مدھیہ پردیش کے کس گاؤں کے رہنے والے ہیں ۔