مشہور خبریں

نائب وزیر اعلیٰ اجیت دادا پوار , وزیر داخلہ دلیپ ولسے پاٹل و چھگن بھجبل کا عنقریب مالیگاؤں دورہ ، علی اکبر گراؤنڈ پر عظیم الشان شہری استقبالیہ اجلاس و کارپوریشن چناؤ کے متعلق لائحہ عمل , 21 مئی کو ورکنگ کمیٹی و عہدیداران کا سیمینار ، راشٹروادی کانگریس پارٹی کی جائزہ میٹنگ میں فیصلہ , ایک لاکھ ووٹ لینے والے MLA کی سیاسی کارکردگی کمزور اس لئے کارپوریشن چناؤ میں مہا گٹھ بندھن بنانے کی تیاری : آصف شیخ

 


مالیگاؤں : 14 مئی (پریس ریلیز )الیکشن کمیشن نے مہاراشٹر کے بلدیاتی انتخابات کرانے کیلئے سپریم کورٹ کی ہدایات پر تیاری شروع کردی ہے جس سے مالیگاؤں سمیت مہاراشٹر میں سیاسی پارہ دن بدن گرم ہوتا جارہا ہے ۔اس ضمن میں مالیگاؤں شہر ضلع راشٹروادی کانگریس پارٹی نے راشٹروادی بھون پر ضلعی صدر آصف شیخ کی قیادت میں آج ایک جائزہ میٹنگ کا انعقاد کیا اور گزشتہ سال 25 مارچ 2021 سے این سی پی میں شمولیت کے بعد سے کئے گئے عوامی و بنیادی اور فلاحی کاموں پر روشنی ڈالی گئی جسے تمام پی عہدیداران نے بہتر کارکردگی سے تعبیر کیا ۔اسی طرح رمضان المبارک میں ایک ماہ تک روزہ افطار پروگرام کا بہترین نظم کیا گیا اور مستقبل میں بھی عوامی کاموں کی انجام دہی کا عزم ظاہر کیا گیا ۔

اس موقع پر جائزہ میٹنگ کے صدر آصف شیخ رشید نے ممبئی دورہ کی روداد پیش کرتے ہوئے بتایا کہ ریاست مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت دادا پوار ،وزیر داخلہ دلیپ ولسے پاٹل، وزیر رسد و خوراک چھگن بھجبل اور وزیر سماجی انصاف دھننجئے منڈے ،وزیر آبپاشی جینت پاٹل سمیت دیگر وزراء سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں مالیگاؤں شہر آنے کیلئے دعوت دی گئی ۔جلد ہی ان وزراء کا مالیگاؤں دورہ پروگرام ظاہر کیا جائے گا ۔شیخ آصف نے دورہ کی معلومات دیتے ہوئے اجلاس عام پر لائحہ عمل پیش کیا جسے تمام ہیں عہدیداران نے ایک رائے سے منظوری دی ۔

اس ضمن میں آصف شیخ نے بتایا کہ علی اکبر اسپتال کے گراؤنڈ پر ایک عظیم الشان استقبالیہ اجلاس و مالیگاؤں کارپوریشن الیکشن کے متعلق لائحہ عمل تیار کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ اس اجلاس میں نائب وزیر اعلیٰ اجیت دادا پوار و وزیر داخلہ دلیپ ولسے پاٹل و چھگن بھجبل مالیگاؤں شہر تشریف لارہے ہیں جلد ہی تاریخ ظاہر کی جائے گی ۔

اسی طرح موصوف نے بتایا کہ اس اجلاس کی تیاری کیلئے شہری سطح پر راشٹروادی کانگریس پارٹی کے تمام ونگ و سیل کے عہدیداروں کے مابین ایک سیمینار کا انعقاد آئندہ سنیچر 21 مئی کو ہائے وے پر رکھا جارہا ہے ۔


اس موقع پر آصف شیخ رشید نے اپوزیشن جماعتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہر کمزور آدمی کو سہارے کی ضرورت ہوتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ مالیگاؤں شہر میں مہا گٹھ بندھن کے نام سے جو سیاسی اتحاد اپوزیشن کا بنا ہوا ہے وہ کمزور سیاست کا نتیجہ ہے ۔انکی کمزوری بتارہی کے وہ عوامی کاموں میں ناکام ہوچکے ہیں اس لئے راشٹروادی کانگریس پارٹی کے مقابلے میں سب ایک ساتھ مل کر الیکشن لڑنے جارہے ہیں ۔شیخ آصف نے کہا کہ مالیگاؤں شہر کے ایم ایل اے جنہوں نے ایک لاکھ 17 ہزار ووٹ لئے تب وہ مضبوط قیادت کے حامل تھے لیکن ایم ایل اے کی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی ہیں۔ایم ایل اے مفتی اسماعیل عوامی کاموں کی ادائیگی میں کمزور ہو گئے ہیں ۔اسی لئے سب ایک ساتھ راشٹروادی کانگریس کے سامنے مہا گٹھ بندھن بنانے کی بات کررہے ہیں ۔شیخ آصف نے کہا کہ مہاراشٹر کا مسلمان سمجھ گیا کہ مجلس بی جے پی کی بی ٹیم ہے اسکی وجہ یہ ہے کہ اورنگ آباد میں اکبر اویسی کی آمد پر عوامی ہجوم اور وہ جوش و جذبہ دکھائی نہیں دیا جو پہلے تھا ۔اکبر اویسی کا اجلاس مکمل ناکام ہوگیا ۔اسکا مطلب یہ ہے کہ مجلس سے مہاراشٹر کا مسلمان بیزار ہو گیا ہے ۔شیخ آصف نے کہا کہ دونوں اویسی برادران بھی مالیگاؤں میں خیمہ زن رہے تو ہم انہیں شکست دینگے۔ہماری مکمل تیاری ہے ہمارے عہدیداران اور ورکروں کی کارکردگی سے ہمیں اطمینان ہے اور ہمارے مقابلے کتنا ہی بڑا گٹھ بندھن بن جائے ہم انہیں شکست دینگے اسطرح کا عزم لئے آج جائزہ اجلاس کا انعقاد کیا گیا ۔

اس جائزہ میٹنگ میں تمام عہدیداروں کی موجودگی میں دو سیل کو برخاست کرنے کا فیصلہ بھی ایک رائے سے لیا گیا جس میں راشٹروادی مہیلا سیل اور وی جے این ٹی سیل کو برخاست کیا گیا ہے ۔قبل اسکے حافظ انیس اظہر کی قرآت سے جائزہ میٹنگ کا آغاز کیا گیا ۔اغراض و مقاصد و نظامت کے فرائض شکیل جانی بیگ نے انجام دیئے ۔جبکہ ریاستی لیول پر راشٹروادی کانگریس پارٹی کے ادیوگ سیل میں مالیگاؤں سے نمائندگی ملنے پر شریف میمن، رمضان کھاٹک اور مالیگاؤں شہر ادیوگ سیل کی صدارت اقبال کانچ والے کو ملنے پر انکا استقبال کیا گیا ۔

Tags

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.