ممبئی ، 2 مئی / مہاراشٹر وزیراعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ سپریم کورٹ کے لاؤڈ اسپیکر کے متعلق دی گئی گائڈ لائن کو مرکزی حکومت کو پورے ملک میں نوٹ بندی کی طرح نافذ کرنا چاہئے۔ لاؤڈ اسپیکر پر سپریم کورٹ کا فیصلہ صرف ایک مذہب کے لیے نہیں ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مراٹھی معاملے کے بعد اب ہندوتوا کے نام پر کشیدگی پیدا کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں لیکن ہندو سماج اس کھیل کو سمجھ رہا ہے ۔
اتوار کو نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران ادھو ٹھاکرے نے مہاراشٹر نونمان سینا (ایم این ایس) کے صدر راج ٹھاکرے کا نام لیے بغیر کہا کہ اس وقت کچھ لوگ اپنے وجود کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ حال ہی میں انہیں لاؤڈ اسپیکر کا خیال آیا ہے۔ لاؤڈ اسپیکر کے حوالے سے سپریم کورٹ پہلے ہی اپنا فیصلہ دے چکی ہے۔ اس معاملے میں مرکزی حکومت بھی فریق تھی۔ ٹھاکرے نے کہا کہ جس طرح نوٹ بندی کو نافذ کیا گیا ، لاک ڈاؤن کیا گیا، پھر لاؤڈ اسپیکر کے بارے میں فیصلہ بھی مرکزی حکومت کو پورے ملک میں نافذ کرنا چاہیے ۔ اس سے پورے ملک میں لاؤڈ اسپیکر مسئلہ حل ہو جائے گا۔
ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ ریاست میں تین پارٹیوں کی حکومت چل رہی ہے اور شرد پوار صرف رہنمائی کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان تینوں جماعتوں کی حکومت نے ایک ساتھ ڈھائی سال کی مدت پوری کی ہے۔ باقی ڈھائی سال بھی مکمل ہو جائیں گے۔ ٹھاکرے نے کہا کہ تینوں پارٹیوں کا اتحاد انتخابات کے بعد بھی جاری رہے گا۔ ریاستی حکومت گرانے کی بہت کوشش کی گئی ، جب حکومت نہیں گری تو اب ریاست میں مذہبی کشیدگی پیدا کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ اس کے لیے لاؤڈ اسپیکر اور ہنومان چالیسہ کا استعمال کیا جا رہا ہے، لیکن اس کا حکومت پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ حکومت ریاست کی ترقی کو ذہن میں رکھتے ہوئے کام کر رہی ہے۔ حکومت کی پوری توجہ صرف عوامی مفاد کے ترقیاتی کاموں پر مرکوز ہے۔