دیوبند / 29 مئی (پریس ریلیز) جمعیۃ علماء ہند کی مرکزی مجلس منتظمہ کا دوروزہ اجلا س دیوبند کے عثمان نگر (عید گاہ میدان) میں آج دارالعلوم کے دیوبند کے مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی کی دعا پر ختم ہوا۔ اجلاس کی صدارت صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا محمود اسعد مدنی نے کی، جب کہ نظامت کے فرائض مولانا حکیم الدین قاسمی ناظم عمومی جمعیۃ علماء ہند نے انجام دیے۔ آخری دن کئی اہم تجاویز منظور ہوئیں، جن میں خاص طور سے دستوری حقوق سلب کرنے اور یکساں سول کوڈ نافذ کرنے،گیان واپی مسجد اور متھرا عید گاہ، اہانت رسول صلی اللہ علیہ وسلم اور ہندی زبان اختیار کرنے سے متعلق تجاویز شامل ہیں، نیز ایک اعلامیہ بھی جاری کیا گیاجس میں تمام مسلمانوں کو خوف، مایوسی اور جذباتیت سے دور رہ کر اپنے مستقبل کی تعمیر کے کام میں لگ جانے کا مشورہ دیا گیا،نیز اجلاس میں یہ واضح موقف کا اعادہ کیا گیا کہ وطن سے محبت اور اس کے لیے قربانی دینے کو مسلمان ہر وقت تیار ہیں اور وہ اس سلسلے میں کسی سے کم نہیں ہیں۔
جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا محمود اسعد مدنی نے آخری صدارتی خطاب میں اس پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اگر اس ملک کی حفاظت کے لیے ہماری جان بھی جائے گی تو ہمارے لیے سعادت کی بات ہو گی۔انھوں نے کہا کہ گل گزشتہ میں نے مسلمانوں کے مسائل پر گفتگو کی توکچھ حلقے سے تنقید کی گئی، حالاں کہ ایسا کرنے والے ہمیں ڈراتے ہیں،جب کہ ہم صرف بتانے کی کوشش کررہے ہیں، مگر ان کو یہ بھی قبول نہیں ہے۔ انھوں نے واضح لفظوں میں کہا کہ ملک کے لیے ہماری جو ذمہ داری ہے، ہم اسے ضرور نبھائیں گے، اگران کوہماری شناخت اور وطن سے ہماری محبت برداشت نہیں ہے تو وہ کہیں اور چلے جائیں، میں یہ کہتا ہوں کہ یہ وطن ہمارا ہے، اور ہماری سوچ اور فکر کی اکثریت یہاں رہتی ہے، ہم پاکستان نہیں جائیں گے، اگر ان کو بھیجنے کا شوق ہے، وہ خود چلے جائیں۔انھوں نے کہا کہ جمعیۃ علماء ہند کی یہ قدیم روایت رہی ہے کہ اس نے وطن کو ہمیشہ ترجیح دی ہے، جب حضرت فدائے مولانا سید اسعد مدنی ؒ نے ملک و ملت بچاؤ تحریک چلائی تو کچھ ساتھیوں نے پوچھا کہ ملت کو پہلے رکھنا چاہیے، حضرت نے جواب دیا کہ جب ملک نہیں بچے گا تو ملت کیسے بچ پائے گی۔
مولانا محمود مدنی نے مسلمانوں کے آئینی حقوق بالخصوص یوسی سی کے ذریعہ مسلم پرسنل لاء ختم کیے جانے کی کوششوں پر کہا کہ چاہے قانون کوئی بھی بن جائے مسلمانوں کو اس سے کوئی نقصان نہیں ہو گا، شرط یہ ہے کہ مسلمان اپنے عقائد اور شریعت کا پابند رہے۔ اس سلسلے میں انھوں نے حضرت شیخ الاسلام مولانا حسین احمد مدنی ؒ سے منقول ایک اقتباس کا بھی حوالہ دیا۔انھوں نے کہا کہ برداران وطن کے ہر طبقے سے بات چیت اور رابطہ کا سلسلہ جاری رکھیں گے تا کہ ملک کو بچا یا جاسکے، اس سلسلے میں مخالف اور دوست دونوں میں کوئی فرق نہیں کرنا چاہتے ہیں، جمعیۃ علماء اس سلسلے میں کسی ملائمت سے پیچھے ہٹنے والی نہیں ہے۔
اس سے قبل شام میں منعقد ہوئی دوسری نشست میں امیر الہند خامس مولانا سید ارشد مدنی صدر جمعیۃ علماء ہند نے بھی خطاب کیا اور انھوں نے کہا کہ جذباتیت کے مظاہرے اور معاملات پر سڑک پر لانے سے کبھی کسی کا فائدہ نہیں ہو سکتا،جمعیۃ علماء ہند نے بابری مسجد کے سلسلے میں یہی پالیسی اختیار کی تھی، موجودہ تنازع میں بھی یہی پالیسی مناسب ہے۔آخری نشست میں اپنے خصوصی خطاب میں دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی نے کہا کہ جو تجاویز منظور ہوئی ہیں، ان پر عمل در آمد کرنے کی بھی کوشش کی جائے، نیز برادران وطن کے ساتھ ہم آہنگی اور ان کی غلط فہمیوں کے ازالے کے لیے جمعیۃ کے خدام اپنے اپنے علاقوں میں طویل مدتی پالیسی کے مطابق کام کریں۔دارالعلوم وقف دیوبند کے مہتمم مولانا سفیان قاسمی نے کہا کہ جمعیۃ علماء ہندجیسی بصیرت افروز قیادت موجود ہے،اس نے جو تجاویز پیش کی ہیں، پوری ملت کے اتفاق سے اس کے نتائج بہت اچھے سامنے آئیں گے، انھوں نے کہا کہ اگر حکومت یہ سمجھتی ہے کہ و ہ شعائر اسلام کو مٹا دے گی، تو یہ اس کی بہت بڑی غلطی ہے، دارالعلوم دیوبند کے نائب مہتمم مولانا راشد اعظمی نے گیان واپی کے حوالے سے کہا کہ جو طاقت مسجد گراتی ہے اللہ ا سے مٹادیتی ہے۔
جمعیۃ علماء آسام کے صدر مولانا بدرالدین اجمل نے سرکار کے رویے پر تنقید کی اور کہا کہ مسلمانوں کی خاموشی کو کمزوری سے تعبیر نہ کی جائے۔نومنتخب نائب صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا سلمان بجنوری اور نائب امیر الہند مفتی سید سلمان منصورپوری، مولانا رحمت اللہ میر کشمیر ی، مولانا ازہر مدنی، قاری شوکت علی ویٹ، مفتی جاوید اقبال کشن گنجی،مولانا عبدالقادر آسام، مولانا ابراہیم کیرالہ، مولانا اسرارالحق جھارکھنڈ، مولانا محمد ناظم پٹنہ،مولانا منصور کاشفی، مفتی عبدالمومن اگرتلہ،مولانا سعید احمد منی پور،مولانا امین الحق عبدادللہ کانپور،مولاناشبیر مظاہری، مولانا عبدالواحد کھتری، مولانا عبدالقادر آسام، پروفیسر نعمان شاہ جہاں پوری،مفتی جمیل الرحمن پرتاب گڑھی، مولانا عبدالواحد کھتری وغیرہم نے تجاویز ا ور ان کی تائیدات پیش کیں۔
آج کے اجلاس میں خاص طور سے گیان واپی مسجد اور متھرا عیدگا ہ پر تجویز منظور ہوئی جس میں کہا گیا کہ ایودھیا تنازع کی وجہ سے پہلے ہی سماجی ہم آہنگی اور فرقہ وارانہ امن وامان کو بہت نقصان پہنچاہے۔ اب ان تنازعات نے مزید محاذ آرائی اور اکثریتی غلبہ کی منفی سیاست کونئے مواقع فراہم کیے ہیں۔
حالاں کہ پرانے تنازعات کو زندہ رکھنے اور تاریخ کی مزعومہ زیادتیوں اور غلطیوں کو درست کرنے کی کوشش کرنے سے ملک کو کچھ فائدہ نہیں ہوگا۔(اس لیے) جمعیۃ علماء ہند ارباب اقتدار کو متوجہ کرتی ہے کہ تاریخ کے اختلافات کو زندہ کرنا؛ملک کے امن و امان کے لیے ہرگز مناسب نہیں ہے۔ خود سپریم کورٹ نے بابری مسجد کے فیصلے میں عبادت گاہ ایکٹ ۱۹۹۱کو آئین کے بنیادی ڈھانچے کی اصل روح بتایا ہے، جس میں یہ پیغام پوشیدہ ہے کہ حکومت، سیاسی جماعتوں اورمذہبی گروہوں کو اس معاملے میں گڑے مرد اکھاڑنے سے اجتناب کرنا چاہیے، تب ہی جاکر آئین کے ساتھ کیے گئے عہد کی پاسداری ہوگی، ورنہ آئین کے سا تھ بہت بڑی بدعہدی کہلائے گی۔
یکساں سول کوڈ سے متعلق تجویز میں واضح طور سے کہا گیا کہ مسلم پرسنل لاء میں جو اُمور شامل ہیں، مثلاً:شادی، طلاق، خلع،وراثت وغیرہ وہ کسی سوسائٹی، شخصی یا گروہ کے بنائے ہوئے نہیں ہیں، نہ وہ تہذیب اور رسم ورواج کے معاملات ہیں، بلکہ وہ بھی نماز، روزہ، حج وغیرہ کی طرح مذہبی احکام کا حصہ ہیں اور قرآنِ کریم واحادیث شریفہ سے ماخوذ ہوتے ہیں۔ اِس لیے اِسلام سے ثابت شدہ قوانین، یا احکا م میں کسی بھی طرح کی تبدیلی،یا اس پر عمل کرنے سے کسی کو روکنا دین اسلام میں صریح مداخلت اور دستور ہند کی دفعہ25 میں دی ہوئی ضمانتوں کے خلاف ہے۔ اِس لیے ہمارا مطالبہ ہے کہ آئین ہند کی بنیادی دفعات کو سامنے رکھتے ہوئے مسلم پرسنل لاء کے تحفظ کے سلسلے میں واضح آرڈینیس جاری کیا جائے۔اگر حکومت یکساں سول کوڈ نافذ کرنے کی کوشش کرے گی، تو مسلمانانِ ہند اور دیگر طبقات اِس عظیم ناانصافی کو برداشت نہیں کریں گے، اور اس کے لیے دستوری اور آئینی حدود میں رہتے ہوئے ہرطرح کے اقدامات پر مجبور ہوں گے۔اس موقع پر جمعیت علمائے ہند مسلمانان ہند کو اس بات کی طرف متوجہ کرنا ضروری سمجھتی ہے کہ شریعت میں مداخلت کی راہ اسی وقت ہموار ہوتی ہے، جب مسلمان بذات خود شریعت پر عمل کرنے میں مستعد نہ ہوں۔ اگر مسلمان اپنی شریعت کے تمام احکام کو عملی زندگی میں نافذ کرنے کے لیے مستعد رہیں، تو کوئی قانون ان کو اس سے روکنے کی طاقت نہیں رکھتا۔ اس لیے تمام مسلمان شریعت اسلامیہ پر پوری طرح ثابت قدم رہیں اور مایوسی و مرعوبیت کے شکار نہ ہوں۔
اہانت رسول صلی اللہ علیہ وسلم سے متعلق تجویز میں اس لیے حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ جلد ازجلد کوئی ایسا قانون وضع کرے جس سے لاء اینڈ آرڈر کی موجودہ بے بسی ختم ہو، اس قسم کی شرمناک ناگفتہ بہ حرکتوں کا انسداد ہو اور پیشوایان مذاہب کا احترام جو تمام انسانوں کا مشترک فرض ہے، محفوظ رہے۔ہندی زبان اختیار کرنے سے متعلق تجویز میں مسلمانوں بالخصوص اہل علم حضرات سے اپیل کی گئی کہ اردو کے ساتھ ہندی اور علاقائی زبانوں کا استعمال کریں، اس سلسلے میں ائمہ حضرات،واعظین و مقررین کو خاص طو رسے متوجہ کیاجاتا ہے کہ وہ جمعہ اور دینی جلسوس کی تقاریر و پیغامات ہندی یا دیگر علاقائی زبانوں میں پیش کریں۔اس کے علاوہ کل دیر شام فلسطین اور عالم اسلام سے متعلق تجویز مولانا عبداللہ معروفی، اقلیتوں کے تعلیمی واقتصادی حقوق پر مولانا عبدالرب اعظمی،ماحولیات کے تحفظ سے متعلق تجویز مولانا یحیی کریمی، مسلم اوقاف کے تحفظ سے متعلق تجویز مولانا عبدالقادر آسام اورسالانہ گوشوارہ رپورٹ مولانا نیاز احمد فاروقی نے پیش کیں، ان تائیدات مولانا ظفر الدین ندوی، مولانا کلیم اللہ قاسمی،حاجی محمد ہارون، پیر خلیق صابر، فیصل ہوا ممبئی،مولانا ندیم صدیقی مہاراشٹرا وغیرہ نے کی
اخیر میں جمعیۃ علماء اترپردیش کے ناظم جناب ذہین احمد دیوبند نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا، واضح ہو کہ جناب ذہین احمد اور جمعیۃ علماء یوپی کے ناظم اعلی مولانا سید محمد مدنی اور دیوبند و مغربی یوپی کی جمعیۃ علماء کے ذمہ داروں نے مہمانوں کی خدمت کی ہر ممکن کوشش کی۔
اجلاس میں دو باتیں خاص طور سے قابل ذکر پیش آئیں، اولا یہ کہ نائبین صدر کے لیے مولانا مفتی سلمان بجنوری اور مفتی احمد دیولہ کا انتخاب عمل میں آیا، جب کہ مولانا قاری شوکت علی ویٹ خازن منتخب ہوئے، دوسری طرف سے فدائے ملت مولانا اسعد مدنی ؒ پر پروفیسر عبدالحی مرحوم کی لکھی ہوئی کتاب کا اجرا بھی عمل میں آیا، نیز فدائے ملت ؒ پر مولانا عارف قاسمی استاذدارالعلوم دیوبند اور مولانا حذیفہ کانپوری کی عربی کتاب اور مجموعہ مقالات حضرت مفتی مہدی حسن ؒ کا بھی اجرا عمل میں آیا۔اس موقع پر طبی خدمات غریب نواز ٹرسٹ دیوبند نے پیش۔ آج کے اجلاس میں جمعیۃ علماء سے وابستہ ہم ملک سے کئی اہم شخصیات، دارالعلوم دیوبند ، دارالعلوم وقف دیوبند بالخصو ص حسن سمیت بڑے ادراوں کے ذمہ داران بھی رونق اجلاس تھے۔ نیاز احمد فاروقی سکریٹری جمعیۃ علماء ہند