پونہ (پمپری چنچوڑ ) : 12 جون / ہنجواڑی علاقے کے مانگاؤں میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے ، جس میں ایک شوہر نے شراب پینے کے لیے پوچھنے پر بیوی کا گلا دبا کر قتل کر دیا ۔ متاثرہ کی شناخت اونتیکا شیوم پچوری عرف بھاردواج 30 سال کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس نے اس معاملے میں شوہر شیوم پنکج پچوری عرف بھردواج کو گرفتار کر لیا ہے۔ اس معاملے میں رنجن کمار لاڈلی موہن شرما ( ساکن اتر پردیش) نے شکایت درج کرائی ہے ۔
پولیس کے مطابق شیوم اور اونتیکا دونوں اعلیٰ تعلیم یافتہ ہیں اور ہنجواڑی آئی ٹی پارک میں انجینئر کے طور پر کام کر رہے ہیں ۔ ان کی تین سالہ بیٹی بھی ہے ۔ ملزم شوہر شراب پی کر دیر سے گھر آیا تو بیوی نے اس سے پوچھا کہ کیا تم نے شراب پی ہے۔۔؟ یہ سوال کرنے پر دونوں کے درمیان گرما گرم بحث ہوئی۔ نشے میں دھت شیوم نے اپنی بیوی اونتیکا اور بیٹی کو مارنا شروع کر دیا ۔
جھگڑے کے دوران شیوم نے اپنی بیوی اونتیکا کا گلا کڑ لیا اور اس کا سر دیوار پر دے مارا۔ جس کے بعد وہ شدید زخمی ہو گئی اور موقع پر ہی دم توڑ دیا ۔ اس طرح کی معلومات پولیس نے دی ہے ۔ اس قتل معاملے میں شوہر کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور اس کے خلاف ہنجواڑی پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ اس معاملے میں ہنجواڑی پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے۔