ناسک : 7 جون / ان دنوں ناسک میں جرائم کا گراف تیزی سے بڑھ رہا ہے ۔ جون ماہ میں دوسری قتل کی واردات اور دو ماہ میں آٹھواں قتل ہوا ہے ۔ کیا جرائم پیشہ افراد میں پولیس کا خوف نہیں رہا ہے ؟ ایسے سوالات اب شہری پوچھ رہے ہیں ۔
ذرائع سے ملی تفصیلات کے مطابق منگل کی صبح 10.30 بجے امبڑ انڈسٹریل اسٹیٹ میں گنگا وہار ہوٹل کے قریب ایک کمپنی کے باہر ایک صنعت کار پر جانلیوا حملہ کیا گیا۔ دو پہیہ گاڑی پر سوار تین افراد کے تلوار اور کوئتہ سے کئے گئے حملے میں نند کمار آہر (50 سال ساکن مہاتما نگر) شدید زخمی ہو گیا۔ جسے نجی ہسپتال میں بغرض علاج داخل کرایا گیا جہاں دوران علاج اسکی موت واقع ہوگئی ۔ اس واردات کے بعد علاقے میں کہرام مچ گیا ہے ،
پولس کمشنر جینت نائکنورے نے پریس کانفرنس لیتے ہوئے اس واقعہ کی معلومات دی۔ ان کے مطابق صبح تقریباً 10 بجے چار افراد نے آہر انڈسٹری کے باہر نند کمار نروتی آہر (50) پر حملہ کیا۔ اہر کے سر اور پیٹ پر وار کیا گیا۔ واردات میں ایک مشتبہ شخص بھی زخمی ہوا جسے حراست میں لے لیا گیا ہے۔
: تاجر کو قتل کرنے کیلئے تلوار اور چاقو سے حملہ کیا گیا۔
ایک مشتبہ شخص کی ٹانگ پر چاپڑ کا کٹ لگنے سے وہ بھی زخمی ہوا ہے جو ہسپتال میں زیر علاج ہے۔ خونریزی پر پولیس کو الرٹ کر دیا گیا ہے اور تمام ہسپتالوں کو چوکس رہنے کی ہدایت کی گئی۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق واردات میں شامل چاروں ملزمان کی عمریں 18 سے 20 سال کے درمیان ہیں ۔ پولیس اس معاملے کی دیگر تحقیقات کررہی ہے ۔