ناسک / گزشتہ روز اتر پردیش کے پریاگ راج میں سابق رکن پارلمینٹ عتیق احمد اور اسکے بھائی سابق رکن اسمبلی اشرف احمد کو پولیس کی موجودگی میں میڈیا کیمروں کے سامنے تین نوجوان نے مسلسل گولی باری کرتے ہوئے سرے عام قتل کردیا ، اس سنسنی خیز واردات نے پورے ملک میں کھلبلی مچا دی ہے ، ابھی اس واردات کو کچھ ہی گھنٹے ہوئے تھے کہ مہاراشٹر کے ناسک ضلع میں بھی ایک کریمنل کو گولی مارنے کی واردات سامنے آئی ہے ۔
نئے ناسک علاقے کے باجی پربھو چوک میں صبح کے وقت کچھ مشتبہ افراد کی جانب سے کریمنل راکیش کوشٹی پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ، اس گولی باری میں زخمی ہوئے راکیش کوشتی کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے ۔ پولیس نے اس معاملے میں ایک مشتبہ ملزم کو حراست میں لے لیا ہے ۔
ذرائع سے ملی تفصیلات کے مطابق دو قتل کے جرم میں مشتبہ ملزم راکیش کوشٹی پر اتوار کی صبح تقریباً پونے 10:00 بجے کے درمیان موٹر سائیکل پر سوار ہوکر آئے تین افراد میں سے ایک نے راکیش پر فائرنگ کی ۔ اس فائرنگ میں راکیش شدید زخمی ہو گئے ، جنہیں ایک پرائیویٹ ہسپتال میں داخل کیا گیا جہاں وہ زیر علاج ہیں۔ طبی ذرائع نے بتایا کہ ان کی حالت تشویشناک ہے۔
دریں اثنا، واردات کی اطلاع ملتے ہی ڈپٹی کمشنر آف پولیس چندرکانت کھانڈوی کے ساتھ ڈپٹی کمشنر پرشانت بچھاو اور امبڑ پولیس نے موقع پر پہنچ کر موقع واردات کا جائزہ لیا ۔ اس معاملے میں پولیس نے ایک مشتبہ شخص جیا دیوے کو حراست میں لیا ہے ، مزید تحقیقات امبڑ پولیس کر رہی ہے۔



