ناسک/ آج این سی پی سربراہ شرد پوار نے صدر کے عہدے سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ جس کے بعد پارٹی کارکنان کے ساتھ رہنما بھی جذباتی ہو گئے ہیں ۔ رہنماؤں اور کارکنوں نے شرد پوار سے یہ فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
پارٹی لیڈران و کارکنان ریاست میں کئی مقامات پر بھوک ہڑتال کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔ ناسک کے این سی پی بھون میں بڑی تعداد میں لیڈران، کارکنان جمع ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ ناسک شہر کے صدر رنجن ٹھاکرے کے ساتھ اگلا لائحہ عمل طے کرنے کے لیے کارکنوں کے درمیان بحث چل رہی ہے۔
دریں اثنا، جیسے ہی پوار نے اپنے استعفیٰ کا اعلان کیا، این سی پی کے ریاستی صدر جینت پاٹل، ایم ایل اے جتیندر اوہاڑ ، یوتھ کے ریاستی صدر محبوب شیخ، انکش کاکڑے نے بھی آنسو بہائے۔ جبکہ این سی پی لیڈران بشمول چھگن بھجبل، دلیپ ولسے پاٹل، انیل دیشمکھ، سنیل تٹکرے، حسن مشرف، نرہری جہروال، دھننجے منڈے نے شرد پوار سے فیصلہ واپس لینے کی درخواست کی ۔ اس کے علاوہ این سی پی لیڈر اجیت پوار نے بھی کارکنان سے کہا ہیکہ انکا خاندان اور پارٹی کے سنئیر لیڈران اس معاملے میں جلد ہی آپس میں بیٹھ کر فیصلہ لینگے ۔ شرد پوار کے اچانک عہدے سے استعفیٰ کے اعلان پر ملک بھر میں سیاسی ہلچل مچ گئی ہے ، وہیں این سی پی کے اعلی لیڈران سے لیکر کارکنان تک جذباتی ہو گئے ہیں ۔



