دہلی/ ایک دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے جس میں زمین کے تنازعہ پر ایک ہی خاندان کے چھ افراد کو گولی مار کر قتل کر دیا گیا۔ یہ واقعہ مدھیہ پردیش کے مورینا ضلع کے لیپا گاؤں میں پیش آیا۔
پولیس نے بتایا کہ گاؤں میں دو خاندانوں کے درمیان گزشتہ 10 سال سے تنازع چل رہا تھا۔ اس تنازعہ کی وجہ سے جمعہ کی صبح ایک خاندان نے دوسرے خاندان پر فائرنگ کر دی۔ ایک ہی خاندان کے 3 مرد اور 3 خواتین جاں بحق اور 3 افراد زخمی ہوئے ہیں ۔ معلوم ہوکہ جہاں واردات پیش آئی ہے یہ کانگریسی ایم ایل اے رویندر سنگھ کا گاؤں ہے ۔
مورینا میں ہونے والے قتل عام کی ایک ویڈیو بھی وائرل ہوئی ہے۔ دیکھا جا رہا ہے کہ حملہ آور کچھ لوگوں کو لاٹھیوں سے پیٹ رہے ہیں۔ اس کے علاوہ کچھ لوگ بندوقیں اور لاٹھیاں لے کر سڑک پر کھڑے ہیں۔ ویڈیو میں یہ بھی دیکھا جا سکتا ہے کہ 1 نوجوان نے 5 افراد پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔
مدھیہ پردیش کا مورینا ضلع جرائم کے لیے بدنام ہے۔ بدنام زمانہ ڈاکو پان سنگھ تومر اور پھولن دیوی کا تعلق اسی ضلع سے ہے ۔ مورینا کا چمبل بہت سے ڈاکوؤں اور بدنام زمانہ مجرموں کا ٹھکانہ سمجھا جاتا ہے۔
چمبل لیپا گاؤں سے چند کلومیٹر دور ہے۔ اسی وجہ سے مدھیہ پردیش میں کھلبلی مچ گئی ہے ، کیونکہ گزشتہ کچھ سالوں سے خاموش رہنے والے مورینا ضلع میں ایک بار پھر قتل کا واقعہ سامنے آیا ہے ۔



