ناسک / مہاراشٹر میں گٹکے پر پابندی عائد ہونے کے باوجود ناسک روڈ علاقے کے ایکلہرے میں حکومتی احکامات کے خلاف ورزی کرتے ہوئے جعلی گٹکا بنایا جا رہا تھا۔ مذکورہ جعلی فیکٹری کو ناسک روڈ پولیس نے تباہ کرتے ہوئے لاکھوں روپے کا سامان ضبط کرلیا ہے ۔
ناسک روڈ پولس اسٹیشن کے اسسٹنٹ پولیس انسپکٹر گنیش شیلکے کو خفیہ اطلاع ملی کہ ایکلہرے تھرمل پاور اسٹیشن کے قریب سڑک پر واقع سامنگاؤں قصبے میں ماتو چھایا فارم ہاؤس کے سامنے ایک پرانے مکان میں جعلی گٹکھا بنایا جارہا ہے۔ اس کے بعد سینئر پولس انسپکٹر دیوی داس ونجالے کی رہنمائی میں اسسٹنٹ پولیس انسپکٹر گنیش شیلکے، حوالدار پنڈلک ٹپانے، سنتوش پنگلے، پوپٹ پوار، اویناش ہانڈے، بالکرشنا سونونے، تاج کمار لوناری و دیگر نے چھاپہ مار کر لاکھوں روپے مالیت کی جعلی اشیاء ضبط کی ۔
ضبط شدہ اشیاء میں گٹکا بنانے والی مشین کے ساتھ ساتھ مختلف کیمیکل کمپنیوں کے ناموں والے لیبل اور گٹکا بنانے کا جعلی خام مال بھی قبضے میں لے لیا گیا ہے۔ ناسک روڈ پولیس کی اس کارکردگی کی ہر طرف ستائش کی جارہی ہے۔
اس معاملے میں پولیس نے دنیش بابولال کمار ساکن کانپور، نیلیش دنیش انگلے ساکن سننر پھاٹا، ناسک روڈ اور دیپک مدھوکر چوہان رہائش امبڑ کو گرفتار کر لیا ہے ۔


