مالیگاؤں / (پریس ریلیز) مالیگاؤں شہر ایک پسماندہ شہر ہے لیکن یہاں عزیز کلو اسٹیڈیم کے نام سے سرکاری طور پر تعلقہ اسپورٹس کمپلیکس منظور ہے ۔شہر میں مسلم آبادی کا گراف زیادہ ہے ۔مسلم نوجوانوں میں کھیل کود کو لیکر کافی جذبہ دیکھا جاتا ہے ۔یہاں کے بچوں میں ٹائلینٹ کوٹ کوٹ کر بھرا ہوا ہے ۔اپنی صلاحیتوں کی بناء پر مالیگاؤں شہر کے نوجوان اسٹیٹ اور نیشنل لیول پر کامیابی کے پرچم لہرا رہے ہیں ۔نوجوانوں کو اسپورٹس میں صحیح طریقے سے رہنمائی و مدد کرنے کی غرض سرکاری طور پر مزید فنڈز درکار ہیں تاکہ کھیل کود میں مالیگاؤں کے نوجوان اچھا مقام حاصل کرسکے ۔اس مقصد کے مد نظر ہم آپ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ مرکزی حکومت کے اسپورٹس منترالیہ سے مالیگاؤں شہر کو اسپورٹس کے ضمن میں کروڑوں روپے کے فنڈز فراہم کئے جائیں ۔اسطرح کا مطالبہ آصف شیخ رشید نے مرکزی وزیر برائے اسپورٹس رکشا کھڑسے سے کیا ۔
آصف شیخ رشید نے دہلی میں اسپورٹس وزارت میں منسٹر رکشا کھڑسے سے ملاقات کرتے ہوئے بتایا کہ جب میں مالیگاؤں شہر کا ایم ایل اے تھا تب آپکے والد ایکناتھ کھڑسے نے اردو گھر کی منظوری اور تعمیر کیلئے کروڑوں کا فنڈ فراہم کیا تھا جس کے چلتے ایک شاندار عمارت اردو گھر کے نام سے بنائی گئی ہے جہاں عوام اور اہل اردو استفادہ کررہے ہیں ۔موصوف نے کہا کہ ایکناتھ کھڑسے اقلیتی برادری کے ساتھ کھڑے نظر آتے ہیں اس لئے ہمیں امید ہے کہ آپ بھی مالیگاؤں شہر کے نوجوانوں کے بہتر مستقبل کیلئے اسپورٹس کیلئے فنڈز فراہم کرینگے ۔آصف شیخ کے مطالبات پر رکشا کھڑسے نے اطمینان بخش تیقن دیتے ہوئے کہا کہ میں مہاراشٹر کی نمائندگی کیلئے آئی ہوں اور ابھی چند روز قبل ہی میں نے وزارت سنبھالی ہے ۔آئندہ چند دنوں میں تمام حالات کا جائزہ لیتے ہوئے مجھ سے جو ممکن ہوگا میں مالیگاؤں کو فنڈز دینے کی کوشش کرونگی ۔اس موقع پر آصف شیخ نے وزیر رکشا کھڑسے کو وزارت ملنے پر نیک خواہشات و مبارک باد بھی پیش کی ۔اس موقع پر منموہن شیواڑے اور عبد المطلب شیخ بھی موجود تھے ۔