اورنگ آباد / (پریس ریلیز) شہر اورنگ آباد میں تیسرے ایجوکیشن ایکسپو اور اردو کتاب میلہ کی شروعات اتوار، ۱۵ دسمبر ۲۰۲۴ کو عمل میں آئی۔ اس افتتاحی تقریب میں جامعہ محمدیہ (منصورہ) کے صدر محترم مولانا ارشد مختار صاحب نے شرکت کی۔ بعد ازاں، ان کے ہاتھوں اردو کتاب میلہ کا باقاعدہ افتتاح کیا گیا.
ایجوکیشن ایکسپو کے پرائم ٹائم سیشن میں مولانا ارشد مختار صاحب نے "ترک تعلیم، مسلم معاشرے پر اثرات اور ممکنہ حل" کے موضوع پر خصوصی خطاب پیش کیا۔ انہوں نے قرآن کریم کی روشنی میں دینی و عصری تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کیا اور اس بات پر زور دیا کہ نسل نو کو جدید اور دینی تعلیم سے آراستہ کرنےکی ضرورت ہے۔
مولانا ارشد مختار کے علاوہ مولانا حذیفہ وستانوی (صدر، جامعہ اسلامیہ اشاعت العلوم) اور ڈاکٹر عبدالکریم سالار (صدر، اقراء ایجوکیشن سوسائٹی) نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور مسلم طلبہ کو ترکِ تعلیم سے روکنے کے لیے قابلِ عمل تجاویز پیش کیں۔
افتتاحی تقریب میں ڈاکٹر انکش راؤ کدم (وائس چانسلر، ایم جی ایم یونیورسٹی)، جناب راشد مختار (سیکریٹری، جامعہ محمدیہ)، ایڈووکیٹ فیض سید (صدر، اسلامک ریسرچ سینٹر)، دیگر معززین اور شہر کے معزز اساتذہ، طلبہ و طالبات، اور سماجی کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کیں۔
اردو کتاب میلہ میں اردو ادب، اسلامی کتابوں، بچوں کے لیے کہانیوں، اور جدید علوم پر مبنی کتابوں کے اسٹالز لگائے گئے، جہاں طلبہ اور عام عوام کے لیے خصوصی رعایت فراہم کی گئی۔
ایجوکیشن ایکسپو کے پہلے دن جامعہ محمدیہ (منصورہ کیمپس) کے مختلف اداروں، بشمول مولانا مختار احمد ندوی ٹیکنیکل کیمپس، آفاق اکیڈمی، المختار اکیڈمی، اسماء خاتون جونیئر کالج، اور شریعہ کالج کے پرنسپلز اور اساتذہ نے شرکت کیں۔