مالیگاؤں : (پریس ریلیز) پیغمبر اسلام ، حضور سید عالم مصطفیٰ جان رحمت صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت مبارکہ کے پندرہ سو سالہ جشن کو مسلمان عقیدت و محبت کے ساتھ منائیں ، اپنی تعلیمی سماجی فلاحی اور دینی خدمات کو پندرہ سو سالہ جشن ولادت سے منسوب کریں اس طرح کا اظہار خیال حضرت آمنہ ٹرسٹ کے صدر ڈاکٹر حامد اقبال نے دفتر رضا اکیڈمی پر منعقدہ پریس کانفرنس میں کیا ، آپ نے کہا کہ بارگاہ الہی اور دنیا وآخرت میں ہماری کامیابی کی بنیاد عشق رسول صلی اللہ علیہ وسلم ہی ہے ، پندرہ سو سالہ جشن ولادت کی نسبت سے حضرت آمنہ ٹرسٹ نے طبی خدمات کا جو سلسلہ شروع کیا ہے ان شاء اللہ تعالیٰ اس کا دائرہ ء کار دراز ہوتا رہے گا ، ہماری کوشش ہوگی کہ غریبوں، ضرورت مندوں اور سماج کے کمزور طبقات تک ہم حضرت آمنہ ٹرسٹ کی طبی خدمات کو پہنچائیں ، بلڈ پریشر، شگر، استھما اور کینسر جیسی بیماریوں میں مبتلا غریب اور ضرورت مند مریضوں کی طبی مدد ہم انہیں روزانہ استعمال کرنے والی دوائیں فراہم کر کے کرنا چاہتے ہیں ، یہ دوائیں بہت زیادہ غریب و مستحق مریضوں کو مفت اور دیگر مریضوں کو بالکل رعایتی قیمت میں حضرت آمنہ ٹرسٹ کے طبی مراکز سے فراہم کی جائیں گی ،
رضا اکیڈمی کے صدر ڈاکٹر رئیس احمد رضوی نے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حضور سید عالم کی ولادت مبارکہ کے پندرہ سو سالہ جشن کی نسبت سے مسجد اہل سنت عارج خلیل، مسجد میلاد پاک صلی اللہ علیہ وسلم اور مسجد حضرت سیدنا فاروق اعظم رضی اللہ عنہ میں ہفتہ واری اور ماہانہ لنگر رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی تقسیم جاری ہے ، علاوہ ازیں دفتر رضا اکیڈمی پر ماہانہ طرحی نعتیہ مشاعرے کا بھی آغاز ہو چکا ہے ، اسی کے ساتھ ساتھ اعلیٰ حضرت امام احمد رضا کے ذریعے کیے گئے ترجمہء قرآن کنزالایمان کے ہندی ایڈیشن کی اشاعت بھی آخری مراحل میں ہے ، اردو اور انگریزی زبان میں متعدد مرتبہ قرآن کریم کی اشاعت کے بعد اب رضا اکیڈمی مالیگاؤں کو ہندی زبان میں بھی ترجمہ و تفسیر کے ساتھ قرآن کریم کی اشاعت کا اعزاز حاصل ہونے کو ہے ، پندرہ سو سالہ جشن ولادت کے استقبال کے لیے یہ دینی سماجی اور اشاعتی خدمات رضا اکیڈمی کے بانی و سربراہ الحاج محمد سعید نوری صاحب کی سربراہی میں انجام دی جارہی ہیں ، موصوف نے کہا کہ خوشی کی بات یہ ہے کہ دینی و سماجی خدمات کے ساتھ ساتھ اب مالیگاؤں میں غریب و مستحق اور ضرورت مند مریضوں تک طبی امداد پہنچانے کے لیے حضرت آمنہ ٹرسٹ کا قیام بھی عمل میں آچکا ہے ، جس کا دفتر رضا نگر ہائی وے سے متصل بسم اللہ مسجد کے پاس بنایا جائے گا ، اس ٹرسٹ کے ذریعے ضرورت مند مریضوں کو مفت دوائیں تو پہنچائی جارہی ہیں ، مستقبل میں آنکھ کے مریضوں کے آپریشن وغیرہ کروانے کی خدمت بھی انجام دی جائے گی ، غلام فرید چشتی نے پریس کانفرنس کے آغاز میں حضرت آمنہ ٹرسٹ کا تعارف اور اس کی خدمات و منصوبوں کے متعلق تفصیلات پریس کے نمائندگان کو بتلائیں ، موصوف نے کہا کہ اس ٹرسٹ کو ہم نے ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کی والدہ ماجدہ حضرت آمنہ رضی اللہ تعالٰی عنہا کے نام مبارک سے منسوب کیا ہے ، کافی غور و فکر اور منصوبہ بندی کے ساتھ سرکار دوعالم صلی اللہ علیہ وسلم کے پندرہ سو سالہ جشن ولادت کے استقبال کے لیے شہر میں حضرت آمنہ ٹرسٹ کے زیر اہتمام تین طبی مراکز بسم اللہ مسجد ، رضا نگر ہائی وے ، مسجد میلاد پاک صلی اللہ علیہ وسلم محلہ گلستان مولانا یونس مالیگ اور مسجد حضرت سیدنا فاروق اعظم رمضان پورہ میں قائم کیے گئے ہیں، جہاں سے غریب اور ضرورت مند مریضوں کو مفت میں دوائیں فراہم کی جارہی ہیں ، اب تک ساڑھے آٹھ سو سے زائد مریضوں کو ان سینٹرز سے مفت دوائیں دی جاچکی ہیں ، موصوف نے کہا کہ شہر میں غریب اور ضرورت مند مریضوں کو بالکل مفت دوائیں فراہم کرنے کی اس خدمت کو کافی پسند کیا جارہا ہے ، مستقبل میں حضرت آمنہ ٹرسٹ کی کوشش ہوگی کہ ایک ایسا میڈیکل اسٹور بھی شروع کیا جائے جہاں سے رعایتی قیمت میں غریبوں اور مریضوں کو دوائیں فراہم کی جاسکیں ، امتیاز خورشید سر نے کہا کہ مستقبل میں طبی مراکز کی تعداد میں اضافہ بھی ہوگا ، ڈاکٹر رئیس رضوی، نیاز سیٹھ (حنا سوپ) ، محمد ابراہیم راجو (مناسائیکل)، پروفیسر عبدالمجید صدیقی، قاری زین العابدین، حاجی حبیب الرحمان سیٹھ کی نگرانی و سرپرستی میں ہم شہر و اطراف و جوانب بہتر طبی خدمات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہیں ہماری کوشش ہوگی کہ حضرت آمنہ ٹرسٹ کے زیر اہتمام شہر کے سبھی علاقوں میں طبی مراکز کا قیام کیا جائے اور محنت کش و غریب عوام کی خدمت انہیں مفت دوائیں فراہم کرتے ہوئے کی جائے ،