مالیگائوں: ( پریس ریلیز) اردو زبان و ادب کے حوالے سے معروف شہر مالیگائوں میں 31 جنوری سے 02 فروری 2025 کے درمیان شہر کے اہم تعلیمی اداروں کی سرپرستی میںوائس آف اردو کے زیر اہتمام ’’رشک بہاراں‘‘ کے عنوان سے اردو زبان کے سہ روزہ جشن کا انعقاد اے ایم ٹی کیمپس(مالیگائوں ہائی اسکول اینڈ جونیر کالج) اور اردو گھر میں کیا جارہا ہے۔رشک بہاراں میں اردو شاعری، فکشن، صحافت اور جدید وسائل تعلیم سے متعلق مذاکروں کے ساتھ مشاعرہ، شام غزل، بیت بازی اور الائو کے پروگرام شامل ہوں گے۔
رشک بہاراں کے کنوینر امتیاز خلیل نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان (این سی پی یو ایل) کی تاریخ کے کامیاب اردو کتاب میلوں کے انعقاد کےبعدمالیگائوں اردو دنیا میں مشہور ضرور ہوا ہے، تاہم اردو زبان کی اہم شخصیات اب تک اس شہر کو دیکھ نہیں سکی ہیں۔ان شخصیات کو مالیگائوں سے متعارف کروانے کے لیے رشک بہاراں کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ امتیاز خلیل نے بتایا کہ رشک بہاراں کی افتتاحی تقریب31 جنوری بروز جمعہ کی شام ساڑھے چار بجے دی مالیگائوں ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج( اے ایم ٹی کیمپس) کے وسیع گرائونڈ میں منعقد ہوگی۔ اس کے بعدشام 6 بجےشہر کے 16 اردو ہائی اسکولوں کے مابین ’سیل سخن‘ کے نام سے بیت بازی کا مقابلہ منعقد کیا جائے گا۔بیت بازی کے اس منفردمقابلےکے فائنل راونڈ میں پہنچنے والی 4 ٹیموں کوبالترتیب20 ہزار، 15 ہزار، 10 ہزار اور 5 ہزار کےنقد انعامات اور اسناد دیے جائیں گے۔
رشک بہاراں کے دوسرے دن یکم فروری سنیچر کے روز اردو گھر میں ’’جدید تعلیمی وسائل اور اردو میڈیم اسکولیں‘‘ اور ’’ میڈیا کا بدلتا منظر نامہ اور اردو صحافت‘‘جیسے موضوعات پر مذاکرات کا انعقادہوگا ۔ ان دونوں مذاکروں میں ملک کے مختلف گوشوں سے تعلیمی و صحافتی شخصیات شرکت کررہی ہیں۔ بعدازاں شام 6 بجے اے ایم ٹی کیمپس میں شہر عزیز کے مشہور فنکاررمضان فیمس کے اعزاز میں ’’شام غزل‘‘ منعقد ہوگی۔ جس میں رمضان فیمس کی ترتیب دی گئی دھنوں پرمتعدد ریالٹی شو کے فاتح اور جےپور گھرانے کے رحمان علی اور حیدرآباد سے آنے والی جیوتی شرما اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ شام غزل کے دوران ’ ’الائو‘ ‘ کے عنوان سے ایک منفرد نشست کا انعقاد کیا جائے گا جس میں فلم فیر ایوارڈ یافتہ کہانی کار اور ’روشندان‘ اور ’لنگر خانہ‘ جیسے مقبول کتابوں کےمصنف جاوید صدیقی سے گفتگو کی جائے گی ۔ انٹرویو کے طرز پر ہونے والی اس نشست میں جاوید صدیقی سے ان کی زندگی کے واقعات و تجربات کی بابت بات چیت ہوگی۔
رشک بہاراں کے تیسرے اور آخری دن 02 فروری کے روز اردو گھر میں’’کہانیوں کے درمیان‘‘ اور ’’ اردو شاعری کی نئی لفظیات اور نئے رجحانات‘‘ جیسے ادبی و شعری موضوعات پر تقاریب کا انعقاد کیا جائے گا۔بعد ازاں شام 6 بجے اے ایم ٹی کیمپس میں عالم اردو کے ممتاز شعرا کی موجودگی میں ایک مشاعرہ کا انعقاد کیا جائےگا۔امتیاز خلیل نے بتایا کہ ’’رشک بہاراں‘‘ میں ملک کے مختلف حصوں سے معروف شخصیات مالیگائوں کا رخ کررہی ہیں۔ یہ شخصیات صرف رشک بہاراں کی نہیں بلکہ ہمارے شہر کی مہمان بن کر آرہی ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ وہ شہر مالیگائوں سے جب واپس جائیں تو وہ مثبت اور منفرد احساس کے ساتھ جائیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ جس طرح ہمارے مہمانان نے ہماری دعوت پر لبیک کہا ہے، اسی طرح ہماری ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم رشک بہاراں کو کامیاب بنائیں ۔
پریس کانفرنس میں موجود جامعہ محمد یہ منصورہ کی نمائندگی کررہے راشد ارشد مختار نے کہا کہ ’’ رشک بہاراں‘‘ میں اردو دنیا کی اہم شخصیات کی آمد سے نئی نسل میں زبان و ادب کے ساتھ ساتھ تعلیم کے حوالے سے نیا جوش پیدا ہوگا۔ ایم ایس ای اسکول کے چیئرمین محمد رضا سر نے کہا قومی کتاب میلوں میں شرکت کرنے والے ناشران کتب کا ماننا ہے کہ مالیگائوں کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ اس شہر میں اردو بولنے کے ساتھ ساتھ برتی بھی جاتی ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ رشک بہاراں میں آنے والے مہمانان مالیگائوں کے تعلق سے وہی تجربہ لے جائیں گے جو کتاب میلوں میں شرکت کرنے والے ناشران لے گئے تھے۔ محمد رضا سر نے میڈیا سے رشک بہاراں کو کامیاب بنانے کے لیے تعاون کی اپیل کی ۔مالیگائوںہائی اسکول کےپرنسپل زاہد حسین سر نے کہا رشک بہاراں کے بہتر انداز میں انعقاد کے لیے ہم تمام تیاریاں کررہے ہیں،اور آئی ایم ٹی کیمپس تمام مہمانان کے استقبال کے لیے تیار ہے۔ آخر میں امتیاز خلیل نے مزید کہا کہ رشک بہاراں میں ہم نے بلیک بورڈ ڈرائنگ کمپٹیشن بھی شامل کیا ہے۔ یہ مقابلہ یوم جمہوریہ کے موقع پر اسکولوں میں سجائے گئے بورڈس کے درمیان ہوگاجس میں جج کے فرائض ممبئی سے آنے والےآرٹسٹ مختار قاضی اور مناف شیخ انجام دیں گے۔