اورنگ آباد : (رپورٹ : افرا تسکین ) بروز اتوار، 14 دسمبر 2025، اورنگ آباد کے عام خاص میدان میں مائنڈز اِن موشن فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والے ایجوکیشن ایکسپو 2025 کے موقع پر اردو کارواں اور واحد قلم فاؤنڈیشن کے اشتراک سے انٹر اسکول ڈرائنگ اور خطاطی (کالی گرافی) کے مقابلے کامیابی کے ساتھ منعقد ہوئے۔ ان مقابلوں میں بڑی تعداد میں طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔
ایکسپو کے پہلے دن پانچویں سے ساتویں جماعت کے طلبہ و طالبات کے لیے انٹر اسکول ڈرائنگ مقابلہ منعقد کیا گیا، جس میں مختلف اسکولوں کے طلبہ نے جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیتے ہوئے اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کیا۔ اسی طرح خطاطی کا مقابلہ بھی نہایت کامیابی سے انجام پایا، جس میں عمر کی کوئی قید مقرر نہ ہونے کے باعث مختلف عمر کے شرکاء نے اپنے فن اور ذوقِ جمال کا بھرپور اظہار کیا۔
ان دونوں مقابلوں میں مجموعی طور پر تقریباً 1200 طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔ ان سرگرمیوں کا بنیادی مقصد طلبہ کو ایک مؤثر اور مثبت پلیٹ فارم فراہم کرنا تھا، جہاں وہ اپنے ہنر، تخلیقی سوچ اور فنکارانہ صلاحیتوں کو نکھار کر عوام کے سامنے پیش کر سکیں۔
اس موقع پر مائنڈز اِن موشن فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر جناب باسط صاحب، واحد قلم فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر جناب واحد فاروقی صاحب، اردو کارواں اورنگ آباد کے صدر جناب عرفان سوداگر صاحب کے علاوہ محترمہ نفیسہ صاحبہ، محترمہ رشیدہ صاحبہ اور محترمہ نزہت صاحبہ بھی موجود تھیں، جنہوں نے طلبہ کی حوصلہ افزائی کی اور ان کے فن کو سراہا۔
منتظمین کے مطابق ان مقابلوں کے نتائج کا باضابطہ اعلان اردو کارواں کے یومِ تاسیس کے موقع پر کیا جائے گا۔ ایجوکیشن ایکسپو 2025 کے تحت منعقد ہونے والی یہ سرگرمیاں طلبہ میں تخلیقی صلاحیتوں کے فروغ، فنونِ لطیفہ سے وابستگی اور تعلیمی بیداری کے لیے ایک مثبت، مؤثر اور قابلِ ستائش قدم ثابت ہو رہی ہیں۔
