مشہور خبریں

مہاراشٹر میں ایس آئی آر کی مدت ختم ، 2 کروڑ 7 لاکھ 93 ہزار 916 ووٹروں کے گنتی فارم ابھی تک جمع یا اسکین نہیں ہوئے

ممبئی: 18 اگست / مہاراشٹر میں ووٹر لسٹ کی خصوصی گہری نظرثانی (SIR) کے تحت گنتی فارم جمع کرنے کا مرحلہ مکمل ہوگیا ہے،تاہم ریاست میں 2 کروڑ 7 لاکھ 93 ہزار 916 ووٹروں کے گنتی فارم ابھی تک جمع یا اسکین نہیں ہو سکے ہیں۔ چیف الیکشن آفیسر کے دفتر کی جانب سے 17 اگست 2026 کو جاری کردہ اعداد و شمار میں یہ اہم معلومات سامنے آئی ہے۔تفصیلات کے مطابق ریاست میں مجموعی طور پر 9 کروڑ 78 لاکھ 54 ہزار 49 ووٹر درج ہیں۔ ان میں سے 7 کروڑ 69 لاکھ 52 ہزار 262 ووٹروں کے گنتی فارم ڈیجیٹائز کیے جا چکے ہیں، جو مجموعی ووٹروں کا 78.64 فیصد ہے۔ جبکہ 21.25 فیصد یعنی 2 کروڑ سے زائد ووٹروں کے فارم ابھی تک جمع نہیں ہوئے ہیں۔


دوسری جانب، ڈیجیٹائز کیے گئے فارم اور ابھی تک جمع نہ ہونے والے فارم کو ملا کر 9 کروڑ 77 لاکھ 46 ہزار 178 ووٹروں کا ڈیٹا آن لائن عمل میں شامل ہو چکا ہے، جو ریاست کے کل ووٹروں کا تقریباً 99.89 فیصد بنتا ہے۔الیکشن حکام نے واضح کیا ہے کہ گنتی فارم جمع کرانے کے لیے مزید مہلت نہیں دی جائے گی۔
ضلع وائز صورتحال پر نظر ڈالیں تو تھانہ میں 38.77 فیصد، ممبئی شہر میں 37.57 فیصد، ممبئی مضافاتی علاقے میں 34.48 فیصد، پونہ میں 31.92 فیصد، ناگپور میں 30.32 فیصد اور پال گھر میں 28.88 فیصد گنتی فارم ابھی تک جمع نہیں ہوئے ہیں۔ اس کے برعکس ہنگولی میں 91.18 فیصد، بلڈھانہ میں 90.83 فیصد اور لاتور میں 89.21 فیصد فارم جمع ہونے کی اطلاع ہے۔
اسی طرح SIR کے اگلے مرحلے میں 24 اگست 2026 کو مسودہ ووٹر لسٹ (Draft Electoral Roll) جاری کی جائے گی۔ اس کے بعد ووٹروں کو اپنے نام اور تفصیلات کی جانچ کرنے اور دعوے و اعتراضات داخل کرنے کا موقع ملے گا۔ دعوے اور اعتراضات 24 اگست سے 23 ستمبر 2026 تک داخل کیے جا سکیں گے۔اگر کسی اہل ووٹر کا نام مسودہ ووٹر لسٹ میں موجود نہ ہو تو وہ فارم 6 کے ذریعے نام شامل کرنے کے لیے درخواست دے سکتا ہے۔ نام حذف کرنے کے لیے فارم 7 جبکہ پتہ، تصویر یا دیگر تفصیلات میں ترمیم کے لیے فارم 8 استعمال کیا جا سکتا ہے۔ یکم اکتوبر 2026 تک 18 سال کی عمر مکمل کرنے والے نئے ووٹر بھی مقررہ مدت میں اپنا نام درج کرا سکیں گے۔الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق دعوے اور اعتراضات کی جانچ کے بعد 27 اکتوبر 2026 کو حتمی ووٹر لسٹ جاری کی جائے گی۔ ایسے میں تمام ووٹروں کے لیے ضروری ہے کہ مسودہ فہرست جاری ہونے کے بعد اپنا نام، پتہ، تصویر اور دیگر تفصیلات لازماً چیک کریں، تاکہ کسی غلطی یا نام کے اخراج کی صورت میں مقررہ مدت کے اندر اصلاح یا اعتراض کیا جا سکے۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.