کلیان / پیر کی صبح کلیان-مرباڈ روڈ پر الہاس ندی پر رائتے پل پر پیش آئے ایک خوفناک ٹرپل حادثے میں تقریباً 12 مسافروں کی موقع پر ہی موت ہو گئی ۔ سیمنٹ مکسر ڈمپر، کار اور کالی پیلی ٹیکسی کے درمیان زوردار تصادم نے دونوں مسافر گاڑیوں کو کچل دیا۔
ابتدائی معلومات کے مطابق پل پر سیمنٹ مکسر اور آنے والی گاڑی کے درمیان خوفناک تصادم ہوا۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس حادثے میں مرنے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ کئی مسافر شدید زخمی ہیں جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال میں علاج کے لیے داخل کرایا گیا ہے۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی شہری اور پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور امدادی کام شروع کر دیا۔ حادثے کا شکار ہونے والی گاڑیوں میں پھنسے مسافروں کو نکالنے کے لیے کرین کی مدد سے ریسکیو کا کام کیا گیا۔
دریں اثنا، حادثے کی وجہ سے کلیان-مرباڈ روڈ کے دونوں طرف ٹریفک جام ہوگیا، گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ پولیس نے ٹریفک کا رخ موڑنا شروع کردیا ہے اور شہریوں سے متبادل راستے استعمال کرنے کی اپیل کی ہے۔
واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور ابھی تک حادثے کی اصل وجہ واضح نہیں ہوسکی ہے۔ پولیس کی جانب سے مزید تفتیش جاری ہے ۔
