مالیگاؤں :3 جون / ناسک کی TCS کمپنی میں مبینہ دھرم پریورتن کا الزام عائد کر ندا خان اور انکے ساتھیوں کو گرفتار کیا گیا، کارپوریٹ جہاد کا نام دیکر فرقہ پرست طاقت سرکار کی پشت پناہی میں مسلم تعلیم یافتہ افراد کو نشانہ بنا رہیں ہیں ۔تفصیلات کے مطابق ناسک TCS معاملہ میں ندا اعجاز خان، دانش شیخ اعجاز شیخ اور متین پٹیل سمیت 6 افراد کیخلاف ناسک کے دیوالی پولس اسٹیشن میں مقدمہ نمبر 156/2026 درج کیا گیا تھا ۔اسی ضمن میں ناسک کے دانش شیخ بھی گرفتار ہیں جنکے اہل خانہ نے مالیگاؤں کے سابق رکن اسمبلی آصف شیخ و مائناریٹی ڈیفنیس کمیٹی سے ملاقات کی اور اس تعلق سے کیس لڑنے کی اپیل کی تب آصف شیخ نے انہیں یقین دلایا تھا کہ مالیگاؤں آپکے ساتھ ہوئے ظلم و ناانصافی کیخلاف کھڑا ہے اور اسی سلسلے میں آصف شیخ اپنی لیگل ٹیم کے ایڈوکیٹ فیض واصف کے ہمراہ ناسک کورٹ پہنچے اور انہوں نے اپنا وکالت نامہ داخل کیا تھا جسکی سماعت بارہ جون کو ہوگی ۔
اس تعلق سے جیسے ہی آصف شیخ کی ناسک TCS معاملہ میں انٹری ہوئی ویسے ہی دیگر ملزمین کے اہل خانہ نے بھی آصف شیخ سے تعاون طلب کرنے کی اپیل کی اور آج بروز بدھ کو شام میں پانچ بجے کے قریب ناسک پولس کمشنر سے ملاقات کرتے ہوئے آصف شیخ نے پانچ ملزمین کے اہل خانہ کیساتھ میٹنگ میں کیس پر تبادلہ خیال کیا ۔وہیں آصف شیخ نے ملزمین کے اہل خانہ سے طویل گفتگو کرتے ہوئے قانونی امداد فراہم کرنے کا تیقن دیا ۔انہوں نے اس کیس کے تعلق سے مالیگاؤں مائناریٹی ڈیفنیس کمیٹی کے لیگل سیل کی خدمات پیش کرنے کا عندیہ دیا ۔
