مالیگاؤں / مالیگاؤں شہر سے قریب 35 کلو میٹر دوری پر واقع چاندوڑ گھاٹ میں پیش آئے ایک دلخراش سڑک حادثے میں مالیگاؤں کے دو افراد جاں بحق جبکہ دو دیگر شدید زخمی ہوگئے۔ حادثے کے بعد علاقے میں افراتفری مچ گئی اور مقامی افراد بڑی تعداد میں فوری طبی امداد کیلئے موقع پر جمع ہوگئے۔موصولہ اطلاعات کے مطابق ایک تیز رفتار کرین نے اسپیڈ بریکر کے قریب پیچھے سے دو گاڑیوں کو زور دار ٹکر مار دی۔ اس حادثے کی زد میں آکر مالیگاؤں کے بجرنگ واڑی علاقے کے ساکن عبدالقیوم عبدالرزاق،عرف قیوم بھیا (سانپ پکڑنے والے 62 سال) کی موٹر سائیکل بھی آگئی، جس کے نتیجے میں وہ اور ان کے پوتے ائیل عبدالرحمن شدید زخمی ہوگئے اور دونوں کی جائے حادثہ پر ہی موت واقع ہوگئی۔ حادثے میں دو دیگر افراد بھی شدید زخمی ہوئے ہیں جن کا علاج جاری ہے۔
موصول اطلاع کے مطابق حادثے کے بعد کرین ڈرائیور اتل سنجے (22 سال)، ساکن ضلع اترپردیش، کو چاندوڑ پولس نے حراست میں لے لیا ہے۔ اطلاع ملتے ہی پولس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور راحت رسانی کا کام شروع کیا۔ بعد ازاں کرین کی مدد سے حادثہ سے متاثرہ گاڑیوں کو سڑک سے ہٹایا گیا تاکہ ٹریفک نظام کو بحال کیا جاسکے۔ چاندوڑ پولس نے مقدمہ درج کرکے حادثے کی مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔ ابتدائی جانچ میں تیز رفتاری کو حادثے کی ممکنہ وجہ قرار دیا جا رہا ہے، تاہم پولس تمام پہلوؤں سے تحقیقات کر رہی ہے۔وہیں عبد القیوم اور انکے پوتے آئیل عبد الرحمن کی نعش قانونی کارروائی کے بعد اہل خانہ کے سپرد کی گئی جس کے بعد تا رات تقریباً ایک بجے شہر کے بڑے قبرستان میں دونوں جنازے کی تدفین عمل میں لائی گئی ۔جلوس جنازہ میں ہزاروں افراد موجود تھے ۔اس حادثے سے علاقے میں غم و اندوہ کا ماحول بنا ہوا ہے ۔
