مالیگاؤں: 19 اگست /مالیگاؤں–چالیسگاؤں روڈ پر بدھ کی صبح ایک دل دہلا دینے والے سڑک حادثے میں دو افراد جاں بحق جبکہ 15 سے 20 افراد زخمی ہوگئےہیں ، یہ حادثہ مالیگاؤں تعلقہ پولیس اسٹیشن کی حدود میں دہیواڑ گاؤں کے قریب تقریباً ساڑھے دس بجے پیش آیا۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق مالیگاؤں سے چالیسگاؤں کی جانب جانے والی بس اور مخالف سمت سے آنے والے آئیسر ٹرک کے درمیان سرِراہ زوردار تصادم ہوگیا۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ دونوں گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا اور بس تقریباً مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔
حادثے کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ بس کا اسٹیئرنگ وہیل ڈرائیور کی سیٹ سے آگے بڑھ کر پہلی سیٹ تک جا پہنچا، جبکہ بس کے تقریباً تمام سیٹ اپنی جگہ سے اکھڑ گئے۔ حادثے کے بعد موقع پر چیخ و پکار مچ گئی اور مقامی افراد نے فوری طور پر امدادی کارروائی شروع کی۔
پولیس کے مطابق حادثے میں دو افراد کی موت واقع ہوئی ہے، جبکہ 15 سے 20 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی مالیگاؤں تعلقہ پولیس موقع پر پہنچ گئی اور جائے حادثہ کا جائزہ لیتے ہوئے ضروری کارروائی شروع کردی گئی ہیں ۔ پولیس کی جانب سے حادثے کی اصل وجہ معلوم کرنے کے لیے تحقیقات کی جارہی ہیں۔ فی الحال یہ واضح نہیں ہوسکا ہے کہ حادثے کے لیے کس گاڑی کے ڈرائیور کی غفلت ذمہ دار تھی۔
پولیس حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگر ان کے کسی رشتہ دار یا عزیز کا اس بس میں سفر کرنا معلوم ہو تو وہ متعلقہ اسپتال پہنچ کر زخمیوں اور جاں بحق افراد کی شناخت میں تعاون کریں اور متاثرین کو ضروری طبی و دیگر مدد فراہم کریں۔
اس المناک حادثے کی خبر پھیلتے ہی مالیگاؤں اور اطراف کے علاقوں میں غم و تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ پولیس معاملے کی مزید تفتیش میں مصروف ہے اور حادثے سے متعلق مزید تفصیلات تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آنے کی توقع ہے۔
