ناسک / سوشل میڈیا کا غلط استعمال کرکے شہریوں میں خوف و دہشت پیدا کرنے کی کوشش کرنے والے ایک نوجوان کا ناسک سائبر پولیس نے پردہ فاش کیا ہے ۔ ناسک شہر میں دو مختلف مقامات پر دھماکے ہونے کی جعلی (مورفڈ) ویڈیو انسٹاگرام پر اپ لوڈ کرکے افواہ پھیلانے کے معاملے میں ایک 23 سالہ نوجوان کے خلاف سائبر پولیس نے مقدمہ درج کیا ہے۔ دنیش کمار گردھاری رجک (عمر 23 سال، اصل باشندہ ضلع گریڈیہ، جھارکھنڈ؛ فی الحال رہائشی ڈیسوزا کالونی، کالج روڈ، ناسک) اس مشتبہ شخص کا نام ہے۔
سائبر پولیس کی معلومات کے مطابق 9 اکتوبر سے 13 اکتوبر 2026 کے دوران 'اجین گینگسٹر مہاکال' نامی ایک انسٹاگرام پروفائل سے اصل ویڈیوز میں رد و بدل (چھیڑ چھاڑ) کرکے ناسک کے دو اہم مقامات پر دھماکے ہونے کو دکھانے والی جعلی ویڈیوز پوسٹ کی گئی تھیں ۔ عام شہریوں میں گھبراہٹ اور دہشت کا ماحول پھیلانے کے مقصد سے یہ ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل کی گئی تھیں۔
یہ بات سائبر پولیس کے نوٹس میں آتے ہی، پولیس کی شکایت پر 13 اکتوبر 2026 کو سائبر پولیس اسٹیشن میں بھارتیہ نیائے سنہتا دفعہ 292 اور انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ دفعہ 66 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ سینئر پولیس انسپکٹر سشیلا کولہے اس معاملے کی گہرائی سے تفتیش کر رہی ہیں۔ مشتبہ شخص نے یہ ویڈیو خود بنائی یا کسی اور کے کہنے پر پوسٹ کی، اس کے پیچھے کوئی سازش ہے کیا، اس کی کھوج سائبر سیل کر رہا ہے۔
*مشتبہ شخص کا پس منظر*
دنیش کمار اصل میں جھارکھنڈ کا ہے اور وہ روزانہ مزدوری کا کام کرتا ہے اور فی الحال ناسک کے پوش سمجھے جانے والے کالج روڈ علاقے میں کرائے پر رہ رہا ہے۔ درج کی گئی دفعات کے مطابق تین سال سے کم سزا کا انتظام ہونے کی وجہ سے، قانونی اصولوں کے مطابق 23 سالہ مشتبہ شخص کو نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ سائبر پولیس فی الحال اس سے باریک بینی سے پوچھ گچھ کر رہی ہے، اور تفتیش کے دوران ضرورت کے مطابق اسے وقتاً فوقتاً پولیس اسٹیشن میں حاضری لگانے کی ہدایات دی گئی ہیں۔
*پولیس انتظامیہ کی اپیل*
سوشل میڈیا پر کوئی بھی تصدیق کیے بغیر افواہ پھیلانے والی یا شہریوں میں دہشت پیدا کرنے والی ویڈیو، پیغام یا فوٹو پوسٹ یا شیئر نہ کریں۔ اس طرح کے قابل اعتراض اور جعلی مواد پر پولیس انتظامیہ کی باریک نظر ہے، اور غلط کام کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی ۔
