مالیگاؤں / شہر کے لیے یہ ایک قابلِ فخر موقع ہے کہ سنگمیشور کے رہائشی حاجی شکیل احمد کے فرزند ڈاکٹر شاہ فیصل نے الیکٹریکل انجینئرنگ کے شعبے میں یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ، جے پور سے ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی۔ موصوف منصورہ انجینئرنگ کالج کے پرنسپل ڈاکٹر شاہ عقیل احمد کے بھتیجے ہیں۔
ڈاکٹر شاہ فیصل کی اس علمی کامیابی پر مالیگاؤں آؤٹر کے رکن اسمبلی و ریاستی وزیرِ تعلیم دادا جی بھسے نے ان کا استقبال کرتے ہوئے مبارکباد پیش کی اور ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اس موقع پر سنگمیشور کے کارپوریٹر نیتن جھالٹے، رضوان انصاری، ندیم احمد، رفیق آر ڈی اور سنگمیشور یوا گروپ کے اراکین نے بھی ڈاکٹر شاہ فیصل کو ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر شاہ فیصل نے الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشن کے موضوع پر تحقیقی کام مکمل کیا۔ ان کے تحقیقی مقالے بین الاقوامی کانفرنسوں میں پیش کیے جا چکے ہیں، جبکہ ان کے متعدد تحقیقی مقالات بین الاقوامی جرائد میں بھی شائع ہو چکے ہیں۔
ڈاکٹر شاہ فیصل فی الحال منصورہ انجینئرنگ کالج میں بطور اسسٹنٹ پروفیسر اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ان کی اس علمی کامیابی پر تعلیمی، سماجی اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد نے انہیں مبارکباد پیش کی ہے۔
