مالیگاؤں: شہر کے اہم نعمانی پل کی جدید کاری، حفاظتی ریلنگ، رنگ و روغن اور اسٹریٹ لائٹ کے کام کی تکمیل کے بعد افتتاحی تقریب گاندھی جینتی کے موقع پر بروز جمعہ 2 اکتوبر، شام 7 بجے نعمانی پل پر منعقد کی جائے گی۔ تقریب کی صدارت مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کی میئر نسرین شیخ کریں گی، جبکہ ڈپٹی میئر شانِ ہند نہال احمد کے فنڈ سے مکمل کیے گئے ترقیاتی و حفاظتی کاموں کا افتتاح ان کے ہاتھوں عمل میں آئے گا۔
بارش کے موسم میں ندی میں پانی کا بہاؤ بڑھنے کے باعث نعمانی پل کے اطراف حادثات کا سلسلہ جاری رہتا تھا۔ پل پر مناسب حفاظتی انتظامات نہ ہونے کی وجہ سے قلعہ، باغ محمود، غالب نگر، رسول پورہ، چوچوں نگر، قلعہ خندق اور اطراف کے علاقوں کے عوام میں تشویش پائی جا رہی تھی۔ مقامی شہریوں کی جانب سے نعمانی پل کی تعمیر اور حفاظتی انتظامات کے مطالبات مسلسل کیے جا رہے تھے۔
اسی مسئلے کو لے کر علاقے کے ذمہ داران اور شہریوں کی جانب سے نعمانی پل کی تعمیر کے سلسلے میں ایک پنچایت منعقد کی گئی، جس میں سماج وادی پارٹی کے نوجوان لیڈر مستقیم ڈگنیٹی کو بطور سردار مدعو کیا گیا۔ 7 اگست کو نعمانی پل پر منعقدہ پنچایت میں علاقے کے عوام نے اپنی مشکلات اور مسائل تفصیل سے پیش کیے۔
عوام کے مسائل سننے اور صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد مستقیم ڈگنیٹی نے نعمانی پل کی تعمیر کا کام مارچ 2027 تک مکمل کرانے کا اعلان کیا۔ ساتھ ہی پرانے نعمانی پل کو فوری طور پر محفوظ بنانے کے لیے 10 اگست بروز پیر سے ڈپٹی میئر شانِ ہند نہال احمد کے فنڈ سے حفاظتی ریلنگ، رنگ و روغن اور اسٹریٹ لائٹ کا کام شروع کرانے کا وعدہ کیا گیا۔
وعدے کے مطابق 10 اگست سے پل پر ترقیاتی و حفاظتی کام کا آغاز کیا گیا، جس کے تحت پل پر حفاظتی ریلنگ نصب کی گئی، رنگ و روغن کا کام کیا گیا اور اسٹریٹ لائٹ کا انتظام کیا گیا۔ تقریباً 50 دنوں میں یہ کام مکمل کرلیا گیا، جس کے بعد اب پل پہلے کے مقابلے میں زیادہ محفوظ اور بہتر نظر آ رہا ہے۔
نعمانی پل پر حفاظتی ریلنگ لگائے جانے سے خصوصاً بچوں، نوجوانوں، خواتین اور روزانہ پل سے گزرنے والے شہریوں کو سہولت اور تحفظ حاصل ہوگا۔ بارش کے دوران ندی میں پانی کی سطح بڑھنے پر پل سے گزرنے والے افراد کو پیش آنے والے خطرات کو کم کرنے میں بھی یہ حفاظتی اقدامات اہم ثابت ہوں گے۔
نعمانی پل بناؤ کمیٹی کی جانب سے قلعہ، رسول پورہ، غالب نگر، چوچوں نگر، قلعہ خندق، باغ محمود اور اطراف کے تمام شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ 2 اکتوبر بروز جمعہ شام 7 بجے نعمانی پل پر منعقد ہونے والی افتتاحی تقریب میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں شرکت کریں۔
کمیٹی نے عوامی ضرورت کو سمجھتے ہوئے نعمانی پل کی حفاظت اور سہولت کے لیے عملی اقدامات کرنے پر مستقیم ڈگنیٹی، ڈپٹی میئر شانِ ہند نہال احمد اور میئر نسرین شیخ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس موقع پر بڑی تعداد میں شرکت کرکے تقریب کو کامیاب بنائیں ۔
