مالیگاؤں: 8 نومبر / مالیگاؤں شہر میں ماضی میں پیش آنے والے دو بڑے بم دھماکوں کے واقعات اور ان میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات کے پیش نظر مالیگاؤں میں دہشت گردی مخالف دستہ (اے ٹی ایس) کا ایک مستقل اور آزاد یونٹ قائم کرنے کا مطالبہ سامنے آیا ہے۔ریاست مہاراشٹر کے چیف سرکاری وکیل ششیر ہیرے نے اس سلسلے میں ایڈیشنل پولس ڈائریکٹر نوَل بجاج سے ملاقات کرکے انہیں تحریری میمورنڈم پیش کیا اور مالیگاؤں میں اے ٹی ایس کی مستقل یونٹ قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق ششیر ہیرے نے حال ہی میں ممبئی میں نوَل بجاج سے ملاقات کی اور اس اہم معاملے پر تفصیلی گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے کسی بھی حصے سے مالیگاؤں پہنچنا آسان ہے، جبکہ شمالی مہاراشٹر میں فی الحال اے ٹی ایس کا واحد یونٹ ناسک میں سرگرم ہے۔ایسے میں مالیگاؤں اور اطراف کے حساس علاقوں کی نگرانی کے لیے ناسک پر مکمل انحصار کرنا عملی طور پر مشکل ثابت ہوسکتا ہے۔میمورنڈم میں اس بات کی جانب بھی توجہ مبذول کروائی گئی کہ مالیگاؤں جغرافیائی اعتبار سے دھولیہ، جلگاؤں اور نندوربار جیسے اضلاع کے لیے ایک اہم مرکزی مقام رکھتا ہے۔ اگر یہاں اے ٹی ایس کا مستقل یونٹ قائم کیا جاتا ہے تو ان اضلاع سمیت اطراف کے علاقوں میں بھی نگرانی اور ضروری کارروائیوں کو زیادہ مؤثر انداز میں انجام دیا جاسکتا ہے۔
ششیر ہیرے نے سال 2006 اور 2008 میں شہر میں پیش آنے والے بم دھماکوں کے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ماضی کے تجربات اور موجودہ حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے مالیگاؤں میں ایک آزاد دہشت گردی مخالف یونٹ کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس یونٹ کے لیے کم از کم چار افسران، 20 ملازمین اور ایک علیحدہ سرکاری گاڑی فراہم کی جائے، تاکہ مستقبل میں کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بروقت اور مؤثر انداز میں نمٹا جاسکے۔
بتایا جاتا ہے کہ اس مطالبے پر دہشت گردی مخالف دستے کے سربراہ نوَل بجاج نے مثبت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے مناسب فیصلہ لینے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ ریاستی حکومت اور محکمہ پولس اس اہم مطالبے پر کب تک عملی قدم اٹھاتے ہیں۔مالیگاؤں میں مستقل اے ٹی ایس یونٹ کے قیام سے نہ صرف شہر بلکہ آس پاس کے اضلاع میں بھی حفاظتی انتظامات کو مزید مستحکم بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔
