ممبئی :30 اپریل / تھانہ کی سیشن عدالت نے عصمت دری کیس میں سابق وزیر گنیش نائک کی ضمانت کی دونوں درخواستوں کو مسترد کر دیا ہے۔ اس لئے اب سابق وزیر گنیش نائک کی گرفتاری کا خدشہ بڑھ گیا ہے ۔
نوی ممبئی کی ایک خاتون نے نیرول پولیس اسٹیشن میں سابق وزیر گنیش نائک کے خلاف عصمت دری کا مقدمہ درج کرایا تھا۔ اسی معاملے میں گنیش نائک نے دو ضمانت کی درخواستیں داخل کی تھیں۔ ان دونوں درخواستوں کو عدالت نے خارج کر دیا ہے ۔
متاثرہ کے مطابق، وہ 1993 میں بگ فلیش اسپورٹس کلب، سیکٹر-17، واشی میں ریسپشنسٹ کے طور پر کام کر رہی تھی۔ اس دوران نائک اکثر ملاقاتوں کے لئے کلب آیا کرتے تھے ۔ اسی دوران ان کا تعارف گنیش نائک سے ہوا اور 1995 میں ان کی دوستی محبت میں بدل گئی۔ اس کے بعد گنیش نائک نے اس کے ساتھ تعلقات بنائے اور نومبر 2006 میں وہ حاملہ ہوگئی اور اپریل 2007 میں اس کی درخواست پر نیو جرسی منتقل ہوگئی ۔
اس کے بعد 18 اگست 2007 کو ایک بچے کو جنم دیا۔ جب ان کا بچہ دو ماہ کا تھا، نائیک اسے اور اس کے بچے کو لینے امریکہ آیا۔ اب ان کا بچہ 15 سال کا ہے ، گنیش نائک اسے اور بچے کو اپنانے سے انکار کر رہے ہیں ۔ جان سے مارنے کی دھمکی بھی دی جا رہی ہے۔ اس وجہ سے اس خاتون نے گنیش نائک کے خلاف مقدمہ درج کرایا ہے۔ تاہم اس معاملے میں گنیش نائک نے وکلا کے ذریعے صحافیوں کو بتایا کہ وہ اس معاملے میں ڈی این اے ٹیسٹ کے لئے تیار ہیں ۔