مالیگاؤں : 15 جون / نامساعد حالات اور سہولیات کی عدم موجودگی کے باوجود اپنے بل بوتے پر گزشتہ دنوں مالیگاؤں شہر کے دو نوجوان کھلاڑی وقار انجم اور محمد زاہد کو ہندوستان کی نمائندگی کرنے والی انٹرنیشنل والی بال ٹیم میں شامل کیا گیا اور ان کھلاڑیوں نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا کر نہ صرف شہر مالیگاؤں بلکہ ریاست مہاراشٹر کا نام بلند کیا ہے اس لئے ان نوجوان کھلاڑیوں کو حکومت مہاراشٹر مالی حوصلہ افزائی فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ اعزازی طور پر سرکاری ملازمت بھی فراہم کرے ایسا مطالبہ جنتا دل سیکولر کے بلند حوصلہ نوجوان مسیح اللہ بیسٹ نے ایڈیشنل کلکٹر اور کارپوریشن کمشنر سے کیا ہے ،
مسیح اللہ بیسٹ نے کہا کہ جس طریقے سے انٹرنیشنل کھلاڑیوں کو دیگر شہروں اور ریاستوں میں حکومت اور انتظامیہ کی جانب سے مالی مدد کے ساتھ ساتھ اعزازی طور پر سرکاری ملازمت فراہم کی جاتی ہے اسی طریقے سے مہاراشٹر سرکار مالیگاؤں شہر کے ان نوجوان کھلاڑیوں کو بھی مالی مدد اور سرکاری نوکری دے کر ان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرے.. تاکہ مستقبل میں ان کھلاڑیوں کو مزید بہتر مواقع حاصل ہوں اور ریاست کے دیگر نوجوانوں کو بھی ترغیب ملے... اس طرح کا ٹھوس اور بامقصد مطالباتی مکتوب مسیح اللہ بیسٹ نے کمشنر پرانت آفیسر اور کلکٹر صاحبان کو دیا ہے اور کہا ہے کہ کارپوریشن کمشنر پرانت آفیسر اور کلکٹر صاحبان ان نوجوانوں کے لئے اپنی سفارشات کے ساتھ حمایتی مکتوب بنا کر فوری طور پر حکومت کو روانہ کرے... اس سلسلے میں موصوف نے بتایا کہ مقامی سطح سے لیکر ریاستی سطح تک نیز وزارت برائے اسپورٹس اینڈ کلچرل تک بھرپور نمائندگی کی جائے گی ۔