دھولیہ / شیرپور تعلقہ پولس کی ٹیم نے اندور سے ایک گینگ کو تیز دھار ہتھیاروں کے ساتھ ممبئی آگرہ ہائی وے پر ہداکھیڑ چیک پوسٹ کے قریب حراست میں لیا ہے۔ اس گینگ کے قبضے سے اسلحہ کی بڑی کھیپ برآمد ہوئی ہے۔ پولس نے بتایا کہ پکڑے گئے تیز دھار ہتھیار راجستھان سے مہاراشٹر لائے گئے تھے۔
دھولیہ ضلع کے شیر پور تعلقہ پولس کو اس بارے میں خفیہ اطلاع ملی تھی۔ اس اطلاع کی بنیاد پر شیرپور تعلقہ پولس نے ہداکھیڑ سرحدی چوکی پر ایک سفید رنگ کی کار کو روکا اور اسکی تلاشی لی تب پتہ چلا کہ اس کار سے تیز دھار ہتھیاروں کو لے جایا جا رہا تھا۔اس کارروائی میں پولس نے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کیا ہے، جس میں 12 تلواریں، دو چاقو، ایک چاپڑ ، ایک بٹن چاقو، دو فائٹر شامل ہیں۔ پولس کی جانب سے کی گئی اس کارروائی میں تقریباً 6 لاکھ 29 ہزار 100 روپے مالیت کا اسلحہ ضبط کیا گیا ہے۔
شیرپور تعلقہ پولس کی کارروائی میں پولس نے ملزم ستپال گردھر سونونے، کرن نند لال دودھیکر، وکاس دیوا ٹھاکرے، سکھرام راما پوار، سچن راجیندر سونونے، راجو اشوک پوار، وشال وجے ٹھاکرے، سنتوش نام دیو پاٹل، امول شانتارام چوہان، وٹھل سونونے کو گرفتار کر لیا جو کہ تمام دھولیہ تعلقہ کے ساکن ہیں۔ پولس سپرنٹنڈنٹ سنجے برکند نے شیرپور پولس کی اس کارکردگی کی وجہ سے شیرپور تعلقہ پولس اسٹیشن کے اسسٹنٹ پولس انسپکٹر سریش شرساٹھ اور ان کی ٹیم کو 10 ہزار روپے کا نقد انعام بھی دیا ہے۔
دریں اثنا، مہاراشٹر میں گزشتہ چند دنوں سے سیاسی اور سماجی ماحول ناخوشگوار ہے۔ چند روز قبل سونگیر کے قریب 90 تلواریں پکڑی گئی تھیں۔ یہ تلواریں کہاں سے اور کس مقصد کے لئے لائی جارہی تھی اور کہاں لے جارہا جارہا تھا ؟ پولس کی جانب سے فی الحال تفتیش جاری ہے۔ ایک سال میں تلواریں ضبط کرنے کا یہ تیسرا واقعہ ہے۔ جو کہ مختلف سوالات پیدا کرتا ہے ۔


