ناسک/ ترمبکیشور سے شرڈی جانے والی بس میں بیٹری کے تار میں شارٹ سرکٹ کی وجہ سے اچانک آگ لگ گئی۔
ذرائع سے ملی تفصیلات کے مطابق ترمبکیشور سے شرڈی جانے والی بس MH 14 BT 4117 جیسے ہی ناسک-پونے ہائی وے پر اپنگر ناکہ کے قریب پہنچی اسی دوران بس کی بیٹری کا ایک تار لیک ہو گیا اور بڑی مقدار میں دھواں نکلنے لگا۔ اس کے بعد بس ڈرائیور نے جیسے ہی محسوس کیا کہ دھواں نکل رہا ہے بس فوراً روک دی۔
اس کے علاوہ سٹی ٹریفک برانچ کے پولس انسپکٹر دنکر کدم بھی فوراً موقع پر پہنچے۔ اور مددگاروں کے ساتھ مسافروں کو بس سے نیچے اتار کر فائر بریگیڈ کی مدد سے بس پر پانی مار کر آگ بجھائی گئی ۔
معلوم ہوکہ کچھ ماہ قبل بھی مرچی ہوٹل کے قریب بس میں آگ لگنے کے سبب حادثے میں دس افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ اس کے بعد ناسک-پونے ہائی وے پر پلسے میں مہا منڈل کی ایک بس میں بھی آگ لگ گئی تھی ۔ جس میں دو موٹر سائیکل سوار جھلس کر ہلاک ہو گئے تھے۔ یہ دونوں حادثات ابھی تازہ ہی تھے کے پھر ایک مرتبہ چلتی بس میں آگ لگنے کا معاملہ سامنے آیا ہے ، چلتی بس میں آگ لگنے واقعات سے مسافروں میں خوف کا ماحول پیدا ہو رہا ہے ۔


