مالیگاؤں / مالیگاؤں محکمہ آبپاشی نے عوام اور متعلقہ سرکاری اداروں کے لیے احتیاطی انتباہ جاری کرتے ہوئے اطلاع دی ہے کہ منگل کی رات تقریباً 11:00 بجے چنکاپور ڈیم سے 1425 کیوسک پانی چھوڑا گیا ہے۔محکمہ آبپاشی کے ایگزیکٹیو انجینئر کے مطابق چنکاپور ڈیم کے اطراف میں مسلسل اور شدید بارش جاری ہے۔ اگر بارش کی شدت میں مزید اضافہ ہوا تو ڈیم سے پانی کے اخراج میں بھی اضافہ کیا جا سکتا ہے۔
محکمہ آبپاشی مالیگاؤں نے گرنا ندی کے کنارے رہنے والے شہریوں سے خصوصی اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی صورت میں ندی میں داخل نہ ہوں، نہانے یا دیگر سرگرمیوں سے گریز کریں، جبکہ اپنے مویشی، زرعی سامان اور ندی کے کنارے نصب زرعی موٹر پمپوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کر دیں تاکہ کسی بھی ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔اس کے علاوہ تمام متعلقہ سرکاری محکموں اور اداروں کو بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری احتیاطی اقدامات پہلے سے ہی اختیار کریں۔محکمہ آبپاشی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر توجہ نہ دیں، صرف سرکاری ہدایات پر عمل کریں اور اپنی و اپنے اہلِ خانہ کی حفاظت کو یقینی بنائیں ۔
