ناسک/ ناسک شہر کے مہسرول پولیس اسٹیشن کی حدود میں ایک نوجوان کے قتل کا واقعہ پیش آیا ہے۔ شہر میں گزشتہ پندرہ دنوں میں یہ دوسرا واقعہ ہے اور چند روز قبل پنچوٹی کے علاقے کرنا نگر میں ایک واقعہ پیش آیا تھا جہاں سابقہ جھگڑے پر ایک نوجوان کو اس کے ہی دوستوں نے قتل کر دیا تھا۔ اس کے بعد آج ایک بار پھر محسرول کے علاقے میں ایک نوجوان کے قتل کا واقعہ پیش آیا ہے۔
اس بارے میں مزید معلومات یہ ہے کہ قتل ہوئے نوجوان کا نام پرشانت اشوک توڈکر (عمر 28 سال ) ساکن آدرش نگر رام واڑی ہے ۔ مذکورہ نوجوان رکشہ ڈرائیور ہے اور وہ سی بی ایس سے مہسرول کے راستے پر رکشہ چلا رہا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ نوجوان کو پتھر سے کچل کر ہلاک کیا گیا ہے ، اور نوجوان سنیچر کو سارا دن گھر پر ہی تھا۔ تاہم بتایا گیا ہے کہ وہ رات کو گھر سے باہر گیا تھا ، اس کے بعد آج صبح آٹھ بجے متوفی نوجوان کے بھائی کو پولیس کے ذریعے معلوم ہوا کے اسکا قتل ہوگیا ہے۔ مذکورہ نوجوان کے پسماندگان میں دو بھائی، ایک بہن اور والدین ہیں ۔
دریں اثنا، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈپٹی کمشنر آف پولیس کرن کمار چوہان، اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس نتن جادھو، مہسرول پولیس اسٹیشن کے سینئر پولیس انسپکٹر سبھاش دھاولے اور کرائم انویسٹی گیشن ٹیم کا عملہ موقع پر پہنچ گیا اور واقعہ کی تفتیش کررہا ہیں ۔